ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی: دیوالی سے قبل 2300 کلوگرام غیر قانونی پٹاخوں کی بڑی کھیپ ضبط، 5 افراد گرفتار

دہلی: دیوالی سے قبل 2300 کلوگرام غیر قانونی پٹاخوں کی بڑی کھیپ ضبط، 5 افراد گرفتار

Mon, 14 Oct 2024 10:32:15    S.O. News Service

نئی دہلی ، 14/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)راجدھانی دہلی میں دیوالی سے قبل غیر قانونی پٹاخوں کی بڑے پیمانے پر ذخیرہ اندوزی اور فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں دہلی پولیس نے اتوار کو مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 1300 کلوگرام سے زائد غیر قانونی پٹاخے برآمد کیے اور 3 افراد کو گرفتار کیا۔ گرفتار شدگان کی شناخت منوج کمار، سنجے اتری اور وپن کمار کے طور پر کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق منوج کمار کورونا وبا کے بعد سے غیر قانونی پٹاخوں کی فروخت میں ملوث تھا، جبکہ سنجے اتری اسے پٹاخوں کی سپلائی کرتا تھا۔

ڈپٹی کمشنر آف پولیس (کرائم) ستیش کمار نے کہا کہ ’’دو گوداموں سے کل 1323 کلوگرام ممنوعہ پٹاخے ضبط کئے گئے۔ دونوں گوداموں کے مالک اور پٹاخوں کی سپلائی کرنے والے ڈرائیور کو پکڑ لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک خفیہ جانکاری کی بنیاد پر کاروائی کرتے ہوئے پولیس نے جمعہ کو باہری دہلی کے باپرولا گاؤں میں چھاپے ماری کی اور غیر قانونی پٹاخے ضبط کئے۔‘‘

پولیس کے مطابق سب سے پہلے منوج کمار اور سنجے اتری کو پکڑا گیا۔ دونوں نے پوچھ گچھ کے دوران اس بات کا انکشاف کیا وہ پریم نگر اور کراڑی علاقہ میں پٹاخے سپلائی کرتے تھے۔ ڈی سی پی نے کہا، ’’دونوں نے ایک دوسرے گودام کا انکشاف کیا، جہاں سے وپن کو گرفتار کیا گیا۔ ہم نے معاملہ میں آگے کی جانچ شروع کر دی ہے۔‘‘

وہیں، دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے جمعہ کو بارپولا کے ایک اور گودام میں اچانک چھاپے ماری کر کے 850 کلوگرام غیر قانونی پٹاخے ضبط کئے تھے جو بکسوں میں چھپا کر رکھے ہوئے تھے۔ اس معاملہ میں دو لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔ غیر قانونی پٹاخے رکھنے اور فروخت کرنے کے لئے کرایہ پر گودام لینے والے شخص اور سپلائر سے پوچھ گچھ کی گئی۔

پولیس نے کہا، ’’دونوں ملزمان مطلوبہ لائسنس کے بغیر کام کر رہے تھے۔ سپلائر نے اعتراف کیا کہ وہ روہتک سے پٹاخے لاتا تھا۔ دھماکہ خیز مواد ایکٹ کی دفعہ 288 (دھماکہ خیز مواد کے متعلق مکمل لاپرواہی) اور 9-بی کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔‘‘


Share: