ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی کے روہنی میں سی آر پی ایف اسکول کے قریب دھماکہ، کئی گھروں کے شیشے چکناچور

دہلی کے روہنی میں سی آر پی ایف اسکول کے قریب دھماکہ، کئی گھروں کے شیشے چکناچور

Sun, 20 Oct 2024 18:04:40    S.O. News Service

نئی دہلی، 20/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)راجدھانی دہلی کے روہنی میں اتوار کو زبردست دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں پورے علاقے میں سفید دھواں پھیل گیا۔ پرشانت وہار کے علاقے میں ہونے والے اس دھماکے کی شدت نے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا۔ دھماکے کے بعد ہوا میں بدبو پھیل گئی، جس کی وجہ سے لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ خوش قسمتی سے، اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکہ سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اسکول کی دیوار کے قریب ہوا تھا۔

اس دھماکہ کے بارے میں روہنی کے ڈی سی پی امیت گوئل نے بتایا کہ اس کی اصل وجہ کا پتہ لگانے کے لئے ماہرین کو بلایا گیا ہے۔ فی الحال یہ پتہ نہیں چل پایا ہے کہ دھماکہ کس طرح کا تھا، دھماکہ میں کن چیزوں کا استعمال کیا گیا تھا، اس کے پیچھے کن لوگوں کا ہاتھ ہے اور دھماکہ کی وجوہات کیا ہیں۔ ماہرین کے جانچ کے بعد ہی کسی حتمی فیصلہ تک پہنچنا ممکن ہو سکتا ہے۔

دہلی پولیس نے معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے فارینسک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کی ٹیم کو بھی جائے وقوع پر بلایا ہے۔ ایف ایس ایل کی ٹیم یہ جانچ کرے گی کہ آیا یہ دھماکہ جان بوجھ کر کیا گیا تھا یا یہ حادثاتی طور پر ہوا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ اس سے دھماکے کی اصل وجہ جاننے میں کوئی اہم سراغ مل سکے۔


Share: