نئی دہلی27جون(آئی این ایس انڈیا)قومی دارالحکومت میں ڈینگوکے کم از کم28معاملے درج ہوئے ہیں جن میں سے15معاملے جون ماہ کے ہیں۔آج جاری ایک بلدیاتی رپورٹ میں کہاگیاکہ مئی میں ڈینگو کے چھ کیسز درج ہوئے تھے جبکہ 25جون تک15کیسزسامنے آئے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ سال شہر میں ڈینگو کے 15867کیسز درج ہوئے تھے جو اعداد و شمار20سال میں سب سے زیادہ تھا۔اس بیماری سے 60افراد کی جان گئی تھی۔سال1996کے دوران دہلی میں ڈینگو کا زبردست عذاب تھاجب تقریباََ10252معاملات درج ہوئے تھے اور423موتیں ہوئی تھیں۔سال2010میں6200سے زیادہ معاملات کے باوجود سرکاری طور پر صرف آٹھ اموات ہوئیں۔اس سال دولت مشترکہ گیمز ہوئے تھے اور شہر میں بڑے پیمانے پر تعمیراتی کام ہوا تھا جو بیماری پھیلنے کی بنیادی وجہ تھی۔اس سال ڈینگو کے معاملے وقت سے پہلے اور تقابلی طور پر بڑی تعداد میں روشنی میں آئے ہیں۔گزشتہ سال ایک سے 25جون تک صرف چھ مقدمات درج ہوئے تھے۔ایک سینئر افسر نے کہا کہ اس سال مئی تک 13کیسز درج ہوئے تھے جس سے شہر میں اب تک درج کل معاملات کی تعداد28سے بڑھ گئی۔