نئی دہلی28مئی(آئی این ایس انڈیا/ ایس او نیوز) دہلی حکومت کے سابق وزیرکپل مشرانے دہلی کے وزیراعلیٰ اروندکیجریوال کے خلاف اب مکمل طورپرمخالفت کا بگل پھونک دیاہے۔کپل اب کیجریوال کے خلاف تحریک چھیڑنے والے ہیں۔کپل مشرانے یاددلایاکہ کیجریوال نے ممبراسمبلی عاصم احمد خان کو محض ایک آڈیوکلپ کی بناپرہٹایاتھا۔لیکن ستیندر جین کووہ ثبوتوں کے باوجودبچا رہے ہیں۔
انہوں نے اس کے لئے3جون کا دن عام آدمی پارٹی کے کارکنوں کو دارالحکومت کے آئین کلب میں بلایاہے۔مشرانے اتوار کو پارٹی ورکرز کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہاکہ بدعنوان خاموش ہیں لہٰذا اب عوام بولے گی۔مشرا نے کہا کہ انہوں نے اپنے بہت سے ساتھیوں سے بات چیت کی ہے اور ان کی مہم میں انا تحریک اور انڈیا اگینسٹ کرپشن کے کئی لوگ جمع ہو رہے ہیں۔مشرا کادعویٰ تھاکہ مسڈ کال کرنے کی اپیل کے بعد سے تقریباََ 1ملین لوگ ان کے ساتھ جوائن کرچکے ہیں۔انہوں نے 3جون کو ہی آئین کلب میں کیجریوال کے خلاف متحرک مبینہ بدعنوانی کے ثبوتوں کی نمائش لگانے کابھی فیصلہ کیاہے۔ان کی مانیں تویہیں سے طے ہوگاکہ کجریوال حکومت کے خلاف عدم اعتمادکی پیشکش لائی جائے یاکوئی اورقدم اٹھایاجائے۔مشرا کا الزام تھا کہ عام آدمی پارٹی کے لیڈر اب گھوٹالوں کے ثبوتوں پربے شرمی سے ہنستے ہیں۔جبکہ گمنام ملکیت، حوالہ اور بدعنوانی کے دوسرے کاموں میں ملوث افراد کو ایمانداری کے سرٹیفکیٹ تقسیم کئے جا رہے ہیں۔مشرا نے کہا کہ اب انڈیا اگینسٹ کرپشن تحریک کے دوسرے مرحلے کو شروع کرنے کا وقت آ گیاہے۔قابل ذکر ہے کہ کپل نے محکمہ صحت میں تین گھوٹالوں کا پردہ فاش کیا ہے اور ان گھوٹالوں میں کیجریوال اور ستیندر جین کے شامل ہونے کے ثبوت دیئے ہیں۔اس کے باوجود کیجریوال، ستیندر جین اور منیش سسودیا خاموش ہیں۔مشرا کا کہنا تھا کہ کیجریوال سے ان کی ذاتی لڑائی نہیں ہے۔ان کے دماغ میں کیجریوال کے خلاف غصہ یا انتقام کی روح نہیں ہے اور ان کی لڑائی کرپشن کے خلاف ہے۔