ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہشت گردی کے الزامات کے تحت گرفتار مسلم خواتین سمیت26؍ ملزمین کو قانونی امداد فراہم کی جائے گی: گلزار اعظمی

دہشت گردی کے الزامات کے تحت گرفتار مسلم خواتین سمیت26؍ ملزمین کو قانونی امداد فراہم کی جائے گی: گلزار اعظمی

Mon, 22 Jan 2018 17:12:08    S.O. News Service

ممبئی،22؍جنوری (ایس او نیوز؍ پر یس ریلیز) مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتہ کی جیل میں مقید دہشت گردی کے الزامات کے تحت گرفتار دو مسلم خواتین سمیت دیگر 26؍ ملزمین کو جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی ) قانونی امداد فراہم کریگی ، یہ اطلاع آج یہاں ممبئی میں جمعیۃ علماء قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے نے اخبار نویسوں کو دی ۔

گلزار اعظمی نے بتایا کہ استغاثہ کے مطابق2؍ اکتبور2014 ء کو مغربی بنگال کے شہر بردوان کے کھاگرا گڑھ نامی علاقے میں واقع ایک گھر میں بم سازی کرتے وقت بم دھماکہ ہوا تھا جس میں دو لوگوں کی موت ہوگئی تھی جس کے بعد پولس نے اس گھر کی دو خواتین سمیت دیگر ملزمین کو گرفتار کیا تھا ، حالانکہ خواتین اور دیگر ملزمین کا کہنا ہیکہ بم دھماکہ نہیں ہوا تھا بلکہ گیس سلنڈر پھٹا تھا لیکن این آئی اے نے انہیں دہشت گردانہ معاملات کے تحت ملزم بنا کر پیش کیا ہے ۔

گلزار اعظمی نے کہا کہ ملزمین کی جانب سے انہیں قانونی امداد فراہم کرنے کی متعدد درخواستیں دفتر جمعیۃ علماء اور صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی کو موصول ہوئی تھی جس کے بعد پہلے مرحلہ میں معاملے کی نوعیت کو سمجھنے اور ملزمین اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے کے لیئے گذشتہ برس ایڈوکیٹ شاہد ندیم کو ممبئی سے کولکاتہ روانہ کیا گیا تھا نیز گذشتہ کل ایک بار پھر جمعیۃ علماء کے وکلاء ایڈوکیٹ شاہد ندیم (ممبئی) اور ایڈوکیٹ واصف الرحمن خان (پٹنہ) نے ملزمین اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے کے بعد دفاعی وکلاء سے بھی ملاقات کی اور مزید دو وکلاء کی تقرری کی گئی۔

گلزار اعظمی نے بتایا کہ ایڈوکیٹ شاہد ندیم نے گذشتہ سال مارچ میں کولکاتہ کی علی پور جیل کا دورہ کیا تھااور چند ملزمین سے ملاقات کی تھی جس کے دوران یہ انکشاف ہوا تھاکہ اس معاملے میں دیگر درجنوں ملزمین کے ساتھ دو خواتین کو بھی ملزم بنایا گیا ہے جن کے نام گلشن بی بی اور علیمہ بی بی ہیں اور دونوں خواتین جیل میں ایک ایک بچہ کے ساتھ مقیدہیں نیز ایک خواتین نے بچہ کو دوران جیل تحویل میں ہی جنم دیا تھا ۔

گلزار اعظمی نے کہا کہ اس معاملے میں ابتک26؍ ملزمین کو گرفتار کیاجاچکا ہے جن کی پیروی کے لیئے جمعیۃ علماء نے سینئر ایڈوکیٹ شاہدامام کی سربراہی میں ایک وکلاء کی ٹیم تشکیل دی ہے جس میں ایڈوکیٹ ابو سلیم، ایڈوکیٹ فضل احمد، ایڈوکیٹ شاہجان و دیگر وکلاء شامل ہیں ۔

کولکاتہ کا دورہ کرکے لوٹے ایڈوکیٹ شاہد ندیم نے بتایا کہ حالانکہ تحقیقاتی دستہ NIAنے ملزمین کو ملک دشمن سرگرمیوں کے تحت گرفتار کیا ہے لیکن تین سال سے زائد کا عرصہ گذر جانے کے باجود ابھی تک صرف ۹؍ سرکاری گواہوں کے گواہیاں مکمل ہوسکی ہیں ۔

ایڈوکیٹ شاہد ندیم نے بتایا کہ ملزمین پر الزام ہیکہ وہ بنگلہ دیشی ممنوع تنظیم جماعت المجایدین کے ممبر ہیں اور ہندوستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینے کی سازش کررہے تھے نیز ملزمین پر یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ وہ القائدہ اور طالبان کے ہم خیال ہیں، حالانکہ تحقیقاتی دستہ عدالت میں ابتک ایسا کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کرسکا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملزمین کو قانونی امداد فراہم کرنے کے تعلق سے انہوں نے گذشتہ کل ایڈوکیٹ واصف الرحمن خان (پٹنہ) کے ہمراہ کولکاتہ کے نامور وکلاء سے ملاقات کرکے انہیں ملزمین کی پیرو ی کے لیئے راضی کیا ہے نیز وکلاء کی ترجیح یہ ہوگی کہ معاملے کی سماعت تیزی سے ہو جس کے لیئے وہ کسی بھی طرح کے قانونی اقدامات کرنے سے پرہیز نہیں کریں گے ۔


Share: