ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دولتِ اسلامیہ سے لڑنے کیلئے برطانوی جنگی جہاز

دولتِ اسلامیہ سے لڑنے کیلئے برطانوی جنگی جہاز

Tue, 30 Aug 2016 11:53:48    S.O. News Service

لندن،29؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)برطانیہ کی رائل نیوی کا جنگی جہاز ایچ ایم ایس ڈیئرنگ خلیج میں بھیجا جا رہا ہے تاکہ وہ وہاں دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے والے امریکی جنگی جہازوں کی مدد کر سکے۔وزیرِ دفاع مائیکل فیلن نے کہا کہ یہ جہاز جمعے کے روز پورٹسمتھ کی بندرگاہ سے روانہ ہو گا۔190افراد کے عملے پر مشتمل یہ ٹائپ 45ڈسٹروئر جہاز وہی کردار ادا کرے گا جو اس سے قبل ایچ ایم ایس ڈیفینڈر کرتا رہا ہے۔ یہ جہاز جولائی میں برطانیہ واپس آ گیا تھا۔یہ جہاز امریکی طیارہ بردار جہازوں کو فضائی ڈھال فراہم کرے گا۔ ان امریکی جہازوں سے عراق اور شام میں جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر حملہ کرنے کے لیے طیارے روانہ کیے جاتے ہیں۔ڈیئرنگ مصروف تجارتی راستوں کی نگرانی بھی کرے گا اور شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے خلاف کارروائیوں کی رپورٹ ہیڈکوارٹر کو بھیجے گا۔

مائیکل فیلن نے کہاکہ تینوں مسلح افواج داعش کو شکست دینے کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ رائل ایئر فورس کے جہاز روزانہ زمین پر موجود دہشت گردوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، فوج عراقی فوجیوں کو دھماکہ خیز مواد سے نمٹنے کی تربیت دے رہی ہے، جب کہ رائل نیوی خلیج میں موجود اتحادی جہازوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے جو حملے کر رہے ہیں۔ڈیئرنگ میں سی وائپر میزائل نصب ہیں جو کسی بحری بیڑے کو فضائی حملوں سے تحفظ فراہم کر سکتے ہیں اور 75دور تک موجود خطرات سے نمٹ سکتے ہیں۔یہ رائل نیوی کا جدید ترین جنگی جہاز ہے، تاہم اس سال کے شروع میں خبریں آئی تھیں کہ برطانیہ کے ایک ارب پاؤنڈ مالیت کے چھ جنگی جہازوں کے بیڑے میں نئے انجن نصب کیے جا رہے ہیں کیوں کہ ان میں بار بار خرابیاں پیدا ہو رہی ہیں۔


Share: