سرینگر، یکم ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )اسٹیٹ لیگل ایڈ کمیٹی کے چیئرمین اور پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے کشمیر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستانی پارلیمنٹ سے وادی میں امن کی بحالی کے لئے اقدامات کرنے اور تمام وادی کشمیر میں بند، مظاہروں، فائرنگ اور افرا تفری کی وجہ سے انصاف سے محروم بچوں کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔پنتھرس پارٹی کی عرضی کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے پروفیسربھیم سنگھ کو وادی کشمیر میں جا کر زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت دی تھی۔پروفیسر بھیم سنگھ نے تین دن سرینگر میں گزارے اور انہیں سرینگر شہر کے باہر کسی بھی دوسرے ضلع میں جانے کی جازت نہیں دی گئی۔ پروفیسر بھیم سنگھ نے ریاستی حکومت سے اننت ناگ، بڈگام، بارہمولہ، کپواڑہ اور 53 دنوں سے بند، مظاہروں اور تشدد سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے لوگوں سے بات چیت کرنے کی اپیل کی۔پروفیسر بھیم سنگھ نے پریس کانفرنس میں افسوس ظاہر کیا کہ انہیں وادی میں لوگوں سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی اور انہیں سرینگر شہر کے اندر ہی رہنا پڑا۔پروفیسر بھیم سنگھ نے سرینگر شہر میں ویران پڑے کالج اور اسکولوں کا دورہ کیا اور ہائی کورٹ کے کئی وکلا سے ملاقات کی، جہاں کوئی بھی درخواست گزار نہیں تھا اور ٹرانسپورٹ کی نقل و حرکت نہیں تھی۔
پروفیسر بھیم سنگھ نے پریس کانفرنس میں جموں و کشمیر کے سابق مہاراجہ ڈاکٹر کرن سنگھ کی صدارت میں ایک کمیٹی کی شکیل دینے کی تجویز پیش کی، جس میں تمام حریت کانفرنس کے اہم رکن شامل ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہر منظور شدہ سیاسی جماعت کے نمائندے کو بھی اس کمیٹی میں شامل کیا جانا چاہئے۔ ڈاکٹر سنگھ کی صدارت میں اس کمیٹی کو پاک مقبوضہ کشمیر اور گلگت کادور کرنے کی اجازت دی جائے ، جس سے پاک مقبوضہ کشمیر اور گلگت میں جموں و کشمیر کے لوگوں کی رائے بھی لی جاسکے۔انہوں نے جموں و کشمیر کے گورنر مسٹر این این ووہرا سے ریاستی حکومت کو تحلیل کرکے جموں و کشمیر آئین کے سیکشن ۔92 کے تحت حکومت کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں، بالخصوص نوجوانوں اور طالب علموں سے پرزور الفاظ میں کہا کہ پنتھرس پارٹی ان کی حق و انصاف کی آواز اٹھانے کا وعدہ کرتی ہے اور حکومت ہند سے اپیل کی کہ حکومت ہند جموں و کشمیر میں انسانیت کے تحفظ کے لئے ہر اقدام کرے۔پروفیسر بھیم سنگھ کے ساتھ پارٹی کے کشمیر ی لیڈروں میں نائب صدر مسعود اندرابی،جنرل سیکرٹری منظور احمد نائک، صوبائی صدر فاروق احمد ڈار، سیکرٹری مقبول ملک اور وادی کشمیر کے کئی ضلعی صدر بھی موجود تھے۔