ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دفاعی میزائلوں کی تنصیب کے منصوبہ پر چین جنوبی کوریا سے نالاں

دفاعی میزائلوں کی تنصیب کے منصوبہ پر چین جنوبی کوریا سے نالاں

Thu, 25 Aug 2016 15:36:33    S.O. News Service

بیجنگ،25؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)چین جنوبی کوریا میں امریکہ کی طرف سے دفاعی میزائل نظام کی تنصیب کے منصوبے کے خلاف سفارتی اور ثقافتی مہم کو بظاہر زیادہ شدت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے۔بیجنگ اس میزائل نظام کو اپنے سکیورٹی مفادات کے لیے ایک خطرہ قرار دیتا ہے۔چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’ژنہوا‘‘کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے بدھ کو ٹوکیو میں اپنے جنوبی کوریا کے ہم منصب سے ملاقات میں2017میں دفاعی میزائل نظام ٹرمینل ہائی الٹی ٹیوڈ ایریا ڈیفنس سسٹم یعنی تھاڈ کی تنصیب کی سخت مخالفت کی۔سیؤل اور واشنگٹن کی طرف سے 8جولائی کو تھاڈ کی تنصیب کے منصوبے کے اعلان کے بعد چین کا جنوبی کوریا سے یہ پہلا براہ راست اعلیٰ سطحی سفارتی احتجاج تھا۔اس منصوبے کا مقصد امریکہ کے جنوبی کوریا میں تعینات فوجی دستوں کو شمالی کوریا کی طرف سے ممکنہ میزائل حملے کے خطرے کے خلاف تحفظ فراہم کرنا ہے۔یہ معاملہ نا صرف چین اور جنوبی کوریا کے درمیان سفارتی تناؤ کا باعث بن رہا ہے بلکہ یہ دونوں ملکوں کے ثقافتی تعلقات پر بھی اثر انداز ہو رہا ہے جس کا اظہار اس امر سے ہوتا ہے کہ چینی ٹی وی نیٹ ورک کی طرف سے جنوبی کوریا کی گلوکاروں کو بھی ان چینلوں پر بہت کم دکھایا جا رہا ہے۔چین کی سرکاری سر پرستی میں چلنے والی نیوز سائیٹ گلوبل ٹائمز نے بدھ کو ایک رپورٹ میں بتایا کہ مشرقی چین میں جیانگ سو ٹیلی ویژن نے 21اگست کو نشر ہونے والے ایک ریالٹی شو کے پروگرام میں’’گنگنم اسٹائل‘‘ کے ایک گلوکار سائی اور موسیقی کے گروپ ایکان کی تصاویر کو یا تو دھندلا دیا یا انہیں پروگرام سے ہٹا دیا۔اسی طرح چین کے مقامی میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق چین کے مشرقی علاقے کے ژی جیانگ ٹیلی ویژن نے بھی رواں ماہ گلوکار ہوانگ چی کے تصاویر کو 13 اگست کو نشر ہونے والے ایک ریالٹی شو میں دھندلا کر دیا تھا۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ نے گزشتہ ماہ بیجنگ کی جنوبی کوریا میں میزائل دفاعی کی تنصیب کے منصوبے کے مخالفت کی وجوہات کو دہرایا۔ انھوں نے کہا کہ یہ سئیول کے دفاعی ضروریات سے ماوراہے جس کی وجہ سے چین کی سلامتی کے مفاد کو زد پہنچے گی اور علاقائی طاقت کا توازن بگڑجائے گا۔تاہم چین کی طرف سے سفارتی احتجاج اور بظاہر ثقافتی سطح پر ہونے والے ردعمل کے باوجود واشنگٹن اور سیؤل نے دفاعی میزائل کے نظام نصب کرنے کے منصوبے کو ختم نہیں کیا ہے۔جنوبی کوریا اور امریکہ کا ماننا ہے کہ یہ نظام جنوبی کوریا کے دفاع کے لیے ضروری ہے جو شمالی کوریا کے مختصر اور درمیان فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سمیت کئی دیگر میزائلوں کے خلاف ایک موثر ہو گا۔


Share: