ممبئی:22؍ستمبر (پی ٹی آئی) انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی بیوی مہ جبین شیخ گزشتہ سال اپنے والد سے ملنے ممبئی آئی تھی۔ پولیس افسران نے مفرور داؤدابراہیم کے بھائی اقبال کاسکر کے حوالے سے یہ بات بتائی جسے ایک بلڈر کو ہراساں کرنے اور جبری وصول کے الزام میں گرفتار کیاگیا ہے۔ یہ سنسنی خیز انکشاف اقبال کاسکر سے پوچھ گچھ کے دوران ہوا جس نے پہلے یہ بتایاتھا کہ داؤد ابراہیم اب بھی پاکستان میں ہے۔ کاسکر کو جسے مخالف جبری وصولی سیل نے رواں ہفتہ گرفتارکیا ہے اور اس کے خاندان والوں کے بارے میں چند اہم معلومات فراہم کی ہیں۔ افسران کے مطابق کاسکر نے مبینہ طور پر ان کو بتایاکہ داؤد کی بیوی مہہ جبین شیخ عرف زوبینہ زرین گزشتہ سال اپنے باپ سلم کاشمیری سے ملنے کے لئے ممبئی آئی تھی جو یہاں اپنے کنبہ کے ساتھ رہتاہے۔ مہہ جبین اپنے باپ سے ملاقات کے بعد خاموشی کے ساتھ ملک سے چلی گئی تھی۔ افسران نے مزید بتایاکہ کاسکر نے کراچی میں داؤد ابراہیم کی چار رہائش گاہوں کا پتہ بھی بتایا ہے۔ کاسکر کے حوالے سے پولیس افسران نے بتایاکہ داؤد اس کا دوسرا بھائی انیس ابراہیم اور ان کا قریبی ساتھی چھوٹا شکیل پاکستان کے بندرگاہی شہر کے پوش علاقہ میں رہتے ہیں اور انیس ابراہیم ممبئی میں اپنے رشتہ داروں کو عید کے مواقع پر فون پر بات کرتا ہے۔ خصوصی ٹیم جو کاسکر سے گزشتہ چار دن سے پوچھ گچھ کررہی ہے داؤد کی صحت کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔ افسران نے بتایا کہ کاسکر نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کا بھائی صحت مند ہے اور کسی عارضہ میں مبتلا نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کاسکر اور اس کے ساتھی داؤد کے نام پر2013 سے تھانے کے ایک بلڈر سے 30؍لاکھ روپے کی رقم وصول کی ہے اور چار فلیٹس بھی حاصل کئے ہیں۔