ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / خاکروبوں نے دوروزہ ہڑتال ختم کردی،مطالبات پر غور کرنے حکومت کی یقین دہانی کے بعد فیصلہ

خاکروبوں نے دوروزہ ہڑتال ختم کردی،مطالبات پر غور کرنے حکومت کی یقین دہانی کے بعد فیصلہ

Wed, 14 Jun 2017 11:01:46    S.O. News Service

بنگلورو13؍جون(ایس او نیوز) کنٹراکٹ پر مقرر خاکروبوں کو مستقل طور پر مقرر کرنے اور انہیں تنخواہ راست طور پر بینک کھاتوں میں جمع کرنے کے سلسلے میں سنجیدگی سے غور کرنے ریاستی حکومت کی یقین دہانی کے بعد ان ملازمین کی طرف سے جاری غیر معینہ مدت کی ہڑتال آج ختم ہوگئی۔ وزیر برائے سماجی بہبود ایچ آنجنیا اور وزیر بلدی انتظامیہ پرکاش کھنڈرے نے بنپا پارک میں احتجاجی ملازمین سے ملاقات کی اور آنے والے دنوں میں ان کی مانگوں پر غور کرنے کایقین دلایا تو ان ملازمین نے جشن کے ساتھ ہڑتال ختم کردی۔ مسٹر آنجنیا نے بتایاکہ جلد ہی اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سدرامیا سے بات چیت کریں گے اور کنٹراکٹ پر مقرر خاکروبوں کو ترجیحی بنیاد پر مستقل ملازمت دینے کیلئے قدم اٹھائے جائیں گے۔ پچھلے دو دنوں سے شہر میں گندگی کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے جابجا گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق دو دن کے دوران 8ہزار ٹن کچرا شہر بھر میں بغیر صفائی کے پڑا ہوا ہے، میڈیا میں ان خبروں کو اچھالے جاتے ہی مستعد ہوکر میئر نے وزراء کے ہمراہ بنپا پارک پہنچ کر ملازمین سے ملاقات کی اور ان کی بقیہ رقم فوراً جاری کرنے کے ساتھ دیگر مانگوں پر بھی غور کرنے کا یقین دلایا۔ مزدوروں نے حکومت کی اس پیش کش کو فوراً منظور کرتے ہوئے کل ہی سے ملازمت پر حاضر ی کا وعدہ کیا۔ ان ملازمین نے کہا کہ اس سے پہلے شہر میں گندگی کی نکاسی کا جو مسئلہ پیدا ہوا تھا اس وقت حکومت نے کنٹراکٹ پر مقرر ملازمین کو مستقل ملازمت دینے کا وعدہ کیا تھا۔ احتجاجی ملازمین سے مخاطب ہوکر وزیر برائے سماجی بہبود ایچ آنجنیا نے کہاکہ ریاستی حکومت کنٹراکٹ کی بنیاد پر خاکروبوں کے تقرر کو ختم کرکے انہیں مستقل ملازمت دینے کیلئے تمام ضروری قدم اٹھانے تیار ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سدرامیا نے خاص طور پر ملازمین کو یقین دہانی کرانے کی ہدایت دی ہے، آنجنیا نے کہا کہ وہ جدوجہد کے پس منظر سے سیاسی میدان میں آگے بڑھے ہیں وہ جانتے ہیں کہ غریب ملازمین کو کس طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے۔ کنٹراکٹ کے مافیا کو فوراً ختم کیا جانا چاہئے، کیونکہ یہ کنٹراکٹرس پاس بک میں دستخط کروانے کے بعد ملازمین کی رقم لوٹتے ہیں ۔ فوری طور پر ریاستی حکومت چاہتی ہے کہ اس نظام کو ختم کیا جائے۔ 


Share: