ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / حکومت صنعتوں کو مسلسل بجلی فراہم کرنے تیار:شیوکمار

حکومت صنعتوں کو مسلسل بجلی فراہم کرنے تیار:شیوکمار

Wed, 17 Aug 2016 11:43:00    S.O. News Service

بنگلورو16؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)ریاست میں صنعتی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے 24گھنٹے بجلی کی فراہمی کے ساتھ ہر طرح کی سہولیات مہیا کرانے کیلئے ریاستی حکومت تیار ہے۔ یہ بات آج وزیر توانائی ڈی کے شیوکمار نے کہی۔ کے ایس ایس آئی ڈی سی کے زیر اہتمام منعقدہ سادھانا سماویشا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پچھلے ڈھائی سال سے خشک سالی کے باوجود بھی بجلی کی فراہمی پر حکومت نے خاص توجہ دی ہے، آنے والے دنوں میں صنعتوں کو 24گھنٹے بجلی فراہم کی جائے گی۔ ریاست کے بعض مقامات پر سولار پارک تعمیر کئے جارہے ہیں۔ جس کی وجہ سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ چھوٹی صنعتوں کو بڑھاوا دینے کیلئے حکومت کی پابندی کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاست کے پندرہ مقامات پر نئے صنعتی زونس قائم کئے جارہے ہیں، ان زونس کو تمام سہولتیں مہیا کرانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ مزیدصنعتی زونس قائم کرنے کیلئے ہزاروں ایکڑ زمین ایکوائر کئی گئی ۔ ان زونس میں اپنی صنعتیں قائم کرنے پر ریاستی صنعتی طبقے کی توجہ کو انہوں نے خوش آئند قرار دیا۔وزیر موصوف نے کہاکہ ریاست میں نئی نئی صنعتوں کا قیام ہی ترقی کا ضامن ہوسکتا ہے۔ ریاست میں سرمایہ کاری کے ماحول کو بہترین قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیشمار بین الاقوامی کمپنیاں اپنی شاخیں کرناٹک میں قائم کررہی ہیں۔ یہاں تک کہ بعض کمپنیوں کے ہیڈ کوارٹرس بھی بنگلور میں قائم ہونے جارہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کئی رہنماؤں نے بنگلور میں سرمایہ کاری کے بہترین ماحول کو سراہا ہے۔ اس موقع پر کے ایس ایس آئی ڈی سی کے چیرمین گرپا نائیڈو نے کارپوریشن کی کارکردگی کی تفصیل بتائی۔ تقریب میں کے پی سی سی کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ ، کارپوریشن کے نائب چیرمین اے ایم پٹھان اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔


Share: