ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جے ڈی ایس باغیوں کا بی جے پی میں شمولیت سے انکار

جے ڈی ایس باغیوں کا بی جے پی میں شمولیت سے انکار

Sat, 13 Aug 2016 11:03:32    S.O. News Service

بنگلورو12؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)ریاستی جنتادل (ایس) کے باغی اراکین نے بی جے پی میں شمولیت کے متعلق خبروں کو یکسر مسترد کردیا ہے۔ سابق نائب وزیراعلیٰ آر اشوک کی طرف سے اس سلسلے میں دئے گئے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے آج باغی اراکین میں شامل چلوورایا سوامی اور دیگر نے کہاکہ بی جے پی کی طرف سے بھلے ہی ان کو شمولیت کیلئے مختلف لیڈروں کی دعوت مل رہی ہے لیکن ان کی اپنی اس قدر حالت خراب نہیں ہوئی ہے کہ وہ بی جے پی جیسی پارٹی کا رخ کریں۔ چن پٹن میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان لیڈروں نے کہاکہ وہ وزیراعلیٰ سدرامیا کے فرزند کی تیرھویں میں شرکت کرکے لوٹ رہے ہیں۔ اس مرحلے میں وہ یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ جے ڈی ایس کا کوئی باغی رکن بی جے پی میں جانے کاارادہ نہیں رکھتا ۔اس سلسلے میں سابق نائب وزیر اعلیٰ آر اشوک کے بیان پر چلوورایا سوامی نے کہاکہ اشوک کا یہ بیان گمراہ کن ہے کہ جے ڈی ایس کے باغی اراکین بی جے پی کا حصہ بننے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ وہ اپنا کیا فیصلہ لینے والے ہیں فی الوقت وہ جنتادل (ایس) سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جس وقت کمار سوامی کو وزیر اعلیٰ بننا تھا، تب انہیں اپنے ساتھیوں کی ضرورت تھی، آج شاید کمار سوامی کو ضرورت نہیں ہے۔ پارٹی کیلئے جن لوگوں نے محنت کی تھی آج جنتادل (ایس) کی نظر میں وہ باغی ہوگئے ہیں۔ چلوورایا سوامی نے کہاکہ کمار سوامی اور پارٹی کے دیگر لیڈران کی طرف سے ان آٹھ اراکین اسمبلی کے تئیں جو رویہ اپنایا جارہا ہے ،اس پر ان کی مسلسل نظر ہے۔رکن اسمبلی بالکرشنا ، رکن کونسل پٹنا ، سابق رکن اسمبلی ایم سی اشوتھ اور دیگر لیڈران اس موقع پر موجود تھے۔


Share: