چنئی، 6 /جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مدراس ہائی کورٹ نے آج مفاد عامہ کی اس عرضی کو مسترد کر دیا جس میں مرکزی حکومت کو آنجہانی انا ڈی ایم کے کی لیڈر جے جے للتا کو بھارت رتن دینے کی ہدایت دینے کامطالبہ کیا گیا تھا۔عدالت نے کہا کہ وہ اس طرح کے معاملات میں مداخلت کرنا نہیں چاہتی ہے۔چیف جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس ایم سندر کی بنچ نے تمل ناڈو سینٹر فار پبلک انٹریسٹ لٹیگیشن کے منیجنگ ٹرسٹی کے کے رمیش کی جانب سے دائر مفاد عامہ کی اس عرضی کو مسترد کر دیا۔درخواست گزار نے جے للتا کی زندگی کی تاریخ پرروشنی ڈالنے کے بعد کہا کہ انہوں نے بہترین اداکارہ کے لیے تمل ناڈو اسٹیٹ فلم ایوارڈ حاصل کرنے کے علاوہ کئی ایوارڈ اپنی جھولی میں ڈالے ہیں اور وہ 5 بارریاست کی وزیر اعلی رہ چکی تھیں۔درخواست گزار نے ان کی طرف سے شروع کی گئی کئی فلاحی اسکیموں کا بھی ذکرکیا جس میں ’اماں کینٹین‘ بھی ہے جہاں کم از کم قیمت پر کھانا دستیاب کرایا جاتا ہے اورطلباکوبلامعاوضہ لیپ ٹاپ اور سائیکل دینا شامل ہیں۔رمیش نے کہا کہ انہیں یہ درخواست دائر کرنے پر مجبور ہونا پڑاہے کیونکہ 15/ دسمبر 2016کو مرکزی حکومت کو اس کے لیے درخواست دی تھی لیکن کوئی جواب نہیں ملا، لیکن عدالت نے کہاکہ وہ اس طرح کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتی ہے۔تمل ناڈو کے وزیر اعلی او پنیرسیلوم نے گزشتہ سال 19/دسمبر کو وزیر اعظم نریندر مودی سے جے للتا کو ’بھارت رتن‘ دینے کی اپیل کی تھی جن کا گزشتہ 5/ دسمبر کو انتقال ہو گیا تھا۔