ٹیوکیو،یکم ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کے وزیر دفاع اور نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز چین اور پاکستان کے کامیاب دورے کے بعد جاپان پہنچ گئے۔سعودی شاہی مہمان نے ٹوکیو میں جاپان کے شہنشاہ اکی ہیتو سے ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات ٹوکیو کے شاہی محل میں ہوئی۔دارلحکومت ٹوکیو کے ہوائی اڈے پر ان کا استقبال جاپانی وزیر مملکت برائے امور خارجہ کینٹارو سونورا اور سعودی عرب میں جاپان کے سفیر عزت ماب نوریکو اور جاپان میں سعودی عرب کے سفیر احمد البراک سمیت اعلی جاپانی حکام اور ٹوکیو میں سعودی سفارتخانے کے عملے نے کیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان کے ہمراہ وفد میں وزیر مالیات ابراھیم العساف، وزیر اقتصادیات اور منصوبہ بندی عادل فقیہ، وزیر تجارت اور سرمایہ کاری ماجد القصبی، وزیر مملکت محمد آل الشیخ، وزیر ثقافت اور اطلاعات ڈاکٹر عادل الطریفی، وزیر توانائی، صنعت اور معدنی دولت خالد الفالح، وزیر لیبر اور سماجی ترقی مفرج الحقبانی اور سربراہ محکمہ عمومی سراغرسانی خالد الحمیدان شامل ہیں۔یاد رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان بدھ کے روز چین کا دورہ مکمل کر کے جاپان روانہ ہوئے تھے۔ چین میں انہوں نے اعلی قیادت سے ملاقاتیں کیں جن میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری کی راہیں تلاش کی گئیں۔ ان کامیاب ملاقاتوں میں مملکت سعودی عرب کے 2030 اسٹرٹیجک منصوبے کی روشنی میں باہمی تعاون کے متعدد معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔