نئی دہلی،31؍دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ایک بار میں تین طلاق کو محدود کرنے والے بل کے لوک سبھا میں منظور ہونے کے بعد وزیر اعظم مودی نے اس معاملے پر آج اپنے پہلے تبصرہ میں کہا کہ کئی سال تک مصائب جھیلنے کے بعد مسلم کمیونٹی کی خواتین کو آخر کار خودکو اس روایت سے آزاد کرانے کاراستہ مل گیا ہے۔2017 کے آخری دن ہوئے اس پروگرام میں وزیر اعظم نے کہا کہ سال 2018 میں لوگ قوم کی تمام ترقی کی سمت میں کام کریں کیونکہ ان کی حکومت کالا دھن، بدعنوانی، غیراعلانیہ جائداد اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے بہتراقدامات کو جاری رکھنے والی ہے۔’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کا اعلان کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ نئے سال کے منتر بہتری، کارکردگی، تبدیلی ہونے چاہئے۔گزشتہ ہفتے لوک سبھا میں منظور ’مسلم خواتین شادی تحفظ بل‘ کا ذکر کئے بغیر مودی نے کہا کہ ایک بار میں تین طلاق کی اس روایت کی وجہ سے مسلم کمیونٹی کی خواتین نے کئی سال تک تکلیفیں جھیلیں لیکن اب انہیں اس رسم سے اپنے آپ کو آزاد کرنے کا ایک راستہ ملا ہے۔