ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تعلیمی اداروں کے آس پاس بیڑی سگریٹ اور منشیات کی فروخت جاری ؛ روک لگانے میں وزیر صحت رمیش کمار کی اظہار بے بسی

تعلیمی اداروں کے آس پاس بیڑی سگریٹ اور منشیات کی فروخت جاری ؛ روک لگانے میں وزیر صحت رمیش کمار کی اظہار بے بسی

Fri, 12 Aug 2016 01:11:20    S.O. News Service

بنگلورو۔11/اگست(ایس او نیوز/عبدالحلیم منصور) اسکولوں اور کالجوں کے آس پاس کی دکانوں میں سگریٹ، گٹکا، پان مسالہ اور دیگر تمباکو اشیاء کی کھلے عام فروخت کو روکنے میں وزیر صحت رمیش کمار نے آج بے بسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں اور کالجوں کی حدود میں چھپ چھپا کر تمباکو کی اشیاء ہی نہیں،بلکہ منشیات تک فروخت ہوتی ہے۔ بدقسمتی یہ ہے کہ ان تمام سرگرمیوں کو دیکھ کر بھی خاموشی اختیار کرلینی پڑتی ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ان سرگرمیوں پر روک لگائی جائے۔ریاستی کمیشن برائے حقوق اطفال کے زیر اہتمام بچوں پر تمباکو کے مضر اثرات اور کرناٹک میں اس کی صورتحال پر رپورٹ کا اجراء کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ غریب خاندانوں سے وابستہ بچے ناخواندگی کے سبب بیڑ ی، سگریٹ اور گٹکا کی لت کا شکار ہوجاتے ہیں، جبکہ امیروں کے بچے بڑے بڑے اسکولوں میں منشیات کے عادی بن جاتے ہیں۔ معاشرہ جس سمت میں جارہا ہے اس کے بارے میں کچھ بھی کہاجائے تو بے جانہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ گٹکا،سگریٹ اور منشیات استعمال کرنے والوں میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی عام ہے۔ ذات پات کی پرواہ کئے بغیر یہ لوگ اپنی بری عادتیں عام کرتے ہیں۔والدین کو چاہئے کہ اپنے بچوں کی ان سرگرمیوں پر روک لگائیں۔ روزانہ اس طرح کی سرگرمیوں کی وجہ سے کم از کم دوسو افراد کی موت ہوتی ہے۔ حکومت اس تعداد میں کمی لانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے کرناٹک میں ملک کے سب سے زیادہ کینسر کے مریض آباد ہیں۔ ایک اور بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ ریاست میں امراض قلب کا شکار لوگوں کی تعداد بھی سب سے زیادہ ہے۔ اس موقع پر کمیشن برائے حقوق اطفال کی چیر پرسن ڈاکٹر کرپا آلوا، سپریم کورٹ کے وظیفہ یاب چیف جسٹس ایم این وینکٹ چلیا، اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس بھاسکر راؤ، محکمہئ بہبودی ئ خواتین واطفال کی پرنسپل سکریٹری اوما مہادیون اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔


Share: