انقرہ،19؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا) ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد شروع کیے جانے والے حکومتی کریک ڈاؤن کے نتیجے میں سابق ایئر فورس کے چیف سمیت تقریبا دو درجن فوجی جرنیلوں کو بھی جیل بھیج دیا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ ترک صدر رجب طیب ایردوآن کا اقتدار ختم کرنے کی سازش میں ملوث تھے۔ جمعے کی رات ناکام فوجی بغاوت کی کوشش کے بعد سے ترک حکومت اب تک تقریبا ساڑھے سات ہزار مشتبہ افراد کو دھر چکی ہے۔ یورپی یونین اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے انقرہ پر زور دیا ہے کہ وہ باغی عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران قانون کا بول بالا رکھے۔