ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی ڈی اے کا خالی سائیٹوں پر جرمانہ 50فیصد گھٹا نے کافیصلہ

بی ڈی اے کا خالی سائیٹوں پر جرمانہ 50فیصد گھٹا نے کافیصلہ

Fri, 02 Sep 2016 15:41:04    S.O. News Service

بنگلور۔یکم ستمبر(ایس او نیوز)بنگلور ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( بی ڈی اے ) نے خالی سائیٹوں پر جرمانہ کی رقم میں 50فی صد کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے ۔پلاٹ مالکان کی جانب سے شدید مخالفت کے بعد چہارشنبہ31اگست کو یہ فیصلہ کیا گیا ۔ بی ڈی اے 30؍ اپریل2016، سے خالی سائیٹوں پر یہ جرمانہ وصول کررہا تھا ۔ چہارشنبہ 31اگست کو بی ڈی اے بورڈمیٹنگ رکھی گئی تھی جس کے بعد ایک رکن نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس بات کی متعدد شکایتیں ملنے کے بعد کہ ادارہ جرمانہ کے نام پر بہت زیادہ رقم وصول کررہا ہے، یہ وفیصلہ کیا گیا ۔ بی ڈی اے نے 20x30فیٹ خالی سائیٹ کے لئے 10ہزار 30x40فیٹ کیلئے 40ہزار 40x60فیٹ کیلئے 80ہزار اور 50x80فیٹ سائیٹ کیلئے ڈھائی لاکھ روپئے کا جرمانہ مقرر رکھا تھا ۔ اب اس میں 50فیصد کمی کی گئی ہے ۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ سائیٹ مالکان سے لی جاچکی رقم واپس کی جائے گی یا نہیں ۔ بی ڈی اے کے پاس کوئی تیار فہرست نہیں ہے کہ کتنے لوگوں نے جرمانہ کی رقم ادا کی ہے اور اس مد میں کتنی رقم وصول کی گئی ہے ۔بورڈ ارکان نے اسے ہدایت دی ہے کہ ان افراد کی فہرست تیار کرے جنہوں نے یہ جرمانہ ادا کیا ہے ۔ یہ فہرست تیار ہونے کے بعدفیصلہ کیا جائے گا کہ جرمانہ کے طور پر لی گئی افزود رقم واپس کی جائے یا نہیں ۔ بورڈ نے ارکاوتی لے آؤٹ کے طرز پر میٹرو ہاؤزنگ سوسائٹی کیلئے 25ایکڑ زمین مختص کرنے کا بھی فیصلہ کیا ۔ سائیٹوں کی کل تعداد اور ان کے سائیز کے بارے میں بعد میں طے کیا جائے گا۔اس طرح کا ایک اور فیصلہ بھی کل ہوا کہ لے آؤٹ ڈیولپمنٹ معاملہ میں 40:60کی شرح پر عمل کیا جائے ۔ یعنی 40فی صد ڈیولپڈ زمین زمین مالکان کو لوٹا دی جائے گی ، جنہوں نے زمین کھوئی ہے ۔ بی ڈی اے حکام نے بورڈ کو مطلع کیا کہ کیمپے گوڈا لے آؤٹ میں جن لوگوں کو سائیٹوں کی فراہمی کی گئی ہے اس کی قطعی فہرست آئندہ دو تین ہفتوں میں تیار کرلی جائے گی۔


Share: