ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بی جے پی لیڈر انل وج کا متنازعہ بیان :گرمہر کور کے حامی پاکستان کے حامی ہیں

بی جے پی لیڈر انل وج کا متنازعہ بیان :گرمہر کور کے حامی پاکستان کے حامی ہیں

Thu, 02 Mar 2017 11:15:53    S.O. News Service

چنڈی گڑھ ،یکم مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )گرمہر کور کے معاملے میں بی جے پی کے ایک اور لیڈر اور ہریانہ کے وزیر صحت انل وج بھی کود پڑے ہیں۔انل وج نے گرمہر کی حمایت کرنے والوں کو پاکستان کا حامی کہہ دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ گرمہر کی حمایت کرنے والے لوگ پاکستان کے حامی ہیں ، ایسے لوگوں کو ملک سے باہر بھیج دینا چاہیے ، گرمہر کور نے والد کی شہادت پر سیاست کرنے کی کوشش کی ہے،پاکستان اپنی پیدائش سے لے کر اب تک ہندوستان کے ساتھ بہت سی براہ راست اور بالواسطہ لڑائیاں لڑ رہا ہے، ایک شہید کی بیٹی پاکستان کو کلین چٹ دے ،یہ صحیح نہیں ہے۔اس سے قبل اس معاملے میں کانگریس کے سینئر لیڈر اورسابق مرکزی وزیر ششی تھرور کا بیان بھی سامنے آیا تھا۔انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی رائے شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ میں اپنے کرکٹر وریندر سہواگ کے اس معاملے کو لے کر کئے گئے تبصرے سے انتہائی مایوس ہوں۔غور طلب ہے کہ وریندر سہواگ نے کہا تھا کہ میں نے دو ٹرپل سنچری نہیں لگائی ہے ، بلکہ میرے بیٹ نے لگائی ہے، وریندر سہواگ نے یہ تبصرہ گرمہیر کے اس اسٹیٹس پر کی تھی، جس میں گرمہر نے کہا تھا کہ ان کے والد کو پاکستان نے نہیں ، بلکہ جنگ نے مارا ہے ۔اس معاملے پر بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے اے بی وی پی پر نشانہ سادھتے ہوئے کہاتھا کہ کون محب وطن ہے اور کون نہیں، یہ فیصلہ کرنے والا اے بی وی پی کون ہوتا ہے، کس نے اس کو اس کا حق دیا ہے؟ادھر گرمہر کو لے کر جاری ہنگامہ آرائی اور بیان بازی سے ان کے دادا انتہائی دلبرداشتہ ہیں۔گرمہر کے دادا کنول جیت سنگھ نے میڈیا سے کہا کہ میری پوتی نے ایسی کوئی بات نہیں کی جو ملک کے خلاف ہو۔ کنول جیت کے مطابق ،ان کی پوتی صرف 21سال کی ہے اور لوگ جانے کیا کیا بحث کر رہے ہیں، ایک لیڈر اور ایک وزیر نے بھی بول دیا کہ یہ ملک سے بغاوت والا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی پوتی کے حوالے سے فکر نہیں ہوں ، زیادہ سے زیادہ وہ اسے مار ہی ڈالیں گے نا، پہلے بھی میں اپنا بیٹا کارگل جنگ کے دوران کھو چکا ہوں، میرا بیٹا 26دشمنوں کو قتل کرنے کے بعد شہید ہوا تھا، جب یہ واقعہ پیش آیا تھا، اس وقت بھی حکومت بی جے پی کی تھی، ہم سے کئی طرح کے وعدے کئے گئے تھے، جوآج تک پورے نہیں کئے گئے اور آج جب میری پوتی کو لے کر تنازعہ کھڑا کیا جا رہا ہے ،تب بھی حکومت بی جے پی کی ہی ہے۔


Share: