دہرادون،11اکتوبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس نے مرکزی وزیر دفاع منوہر پاریکر کو خط لکھ کر ہندوستانی فوج کی طرف سے پاک مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردانہ کیمپوں پر کئے سرجیکل اسٹرائیک پر بی جے پی کی طرف سے سیاست کرنے پر اپنااعتراض درج کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ کیا یہ آپریشن بی جے پی اور اس کی اتحادی تنظیموں نے کروایا اور اگر یہ اڑی حملے سے پہلے کیا جاتا تو 18فوجیوں کی شہادت سے بچا جا سکتا تھا۔ملک کی حفاظت میں اتراکھنڈ کے نوجوانوں کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے اتراکھنڈ ریاستی کانگریس صدر کشور اپادھیائے نے کہا کہ بی جے پی کی طرف سے ملک اوراتراکھنڈمیں بنایا جا رہا ماحول انتہائی تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کو دفاعی افواج کے معاملے میں کٹہرے میں کھڑا کیا جا رہا ہے اور حقائق کو توڑ مروڑ کے پیش کیا جا رہا ہے جبکہ اس نے ہمیشہ فوج کا احترام کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک اوراتراکھنڈ کے عام لوگ آج آپ سے جاننا چاہتے ہیں کہ کیا یہ سرجیکل اسٹرائیک اڑی واقعہ سے پہلے نہیں ہو سکتا تھا؟ اگر اس سے پہلے سرجیکل اسٹرائیک ہوتی تو ہمارے 18فوجی شہید ہونے سے بچ سکتے تھے۔ کیا بی جے پی اور اس کی ہمنوا تنظیموں نے اس سرجیکل اسٹرائیک کو انجام دیا؟۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈروں کے پاس پورے ملک میں کریڈٹ لینے اورابنے گلوں میں ہارپہننے کی دوڑ مچی ہوئی ہے اور آپ خود بھی اس طرح کے پروگرام کی زینت بڑھا رہے ہیں لیکن نہ تو ہمارے وزیر اعظم اور نہ ہی آپ کو ان خاندانوں کی خبر لینے کا وقت ہے جنہوں نے اڑی کی صورت میں آپ اہل خانہ کو کھو یا ہے۔اپادھیائے نے کہا کہ ملک میں اس سے پہلے بھی اس قسم کے بہت سے سرجیکل اسٹرائک ہوئے لیکن ان کی اس طرح سیاست اور تشہیر نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ 1965کے جنگ میں کسانوں اور جوانوں کے لئے اپنی زندگی وقف کرنے والے وزیر اعظم لال بہادر شاستری جی اور 1971کے جنگ میں ملی بھاری کامیابی کے وقت کے وزیر اعظم اندرا گاندھی جی نے ملک میں کہیں بھی کیا اس طرح کے پوسٹر لگائے جس طرح کے پوسٹر بھارتی جنتا پارٹی ملک بھر میں لگا رہی ہے؟۔