ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی بی ایم پی میں کانگریس جے ڈی ایس اتحاد پر فیصلہ کمار سوامی کریں گے: دیوے گوڈا

بی بی ایم پی میں کانگریس جے ڈی ایس اتحاد پر فیصلہ کمار سوامی کریں گے: دیوے گوڈا

Tue, 23 Aug 2016 20:43:05    S.O. News Service

بنگلورو23۔؍اگست(ایس او نیوز) برہت بنگلور مہانگر پالیکے میں اقتدار پر قبضے کیلئے کانگریس اور جنتادل (ایس) کے درمیان اتحاد برقرار رکھا جائے یا ختم کردیا جائے یہ فیصلہ سابق وزیر اعظم اور جنتادل (ایس) سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڈا نے اپنے فرزند اور سابق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی پر چھوڑ دیا ہے۔آج صبح شہر کے میئر منجوناتھ ریڈی اور حکمران پارٹی لیڈر بی ایس ستیہ نارائنانے کانگریس جے ڈی ایس اتحاد برقرار رکھنے کی گذارش کرتے ہوئے دیوے گوڈا سے ملاقات کی اور ان سے تقریباً دیڑھ گھنٹے کی بات چیت کی۔ اس بات چیت کے دوران اتحاد کو برقرار رکھنے کے متعلق دیوے گوڈا نے کانگریس قائدین کو کوئی یقین دہانی نہیں کرائی اور کہاکہ آنے والے دنوں میں بی بی ایم پی میں کانگریس کے ساتھ اتحاد برقرار رکھا جائے یا اس اتحاد کو ختم کرکے بی جے پی سے ہاتھ ملایا جائے اس پر فیصلہ کمار سوامی ہی کرسکتے ہیں۔ میئر منجوناتھ ریڈی نے پچھلے ایک سال کے دوران کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کی بدولت شہر کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیل دیوے گوڈا کے سامنے پیش کی اور گذارش کی کہ اس اتحاد کو برقرار رہنے دیا جائے۔میئر نے بتایا کہ پچھلے ایک سال کے دوران شہر میں فلائی اوورس کی تعمیر ، سڑکوں پر تار بچھانے کا کام اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا کام مسلسل جاری رکھا گیا ہے۔ کنٹراکٹروں کو بقایا جات کی ادائیگی راست ان کے بینک کھاتوں میں ہورہی ہے۔ بی بی ایم پی کو اثاثہ ٹیکس ادا نہ کرنے والے بڑے بڑے اثاثہ مالکوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان سے بھاری رقومات بطور ٹیکس وصول کی گئی ہے۔ گزشتہ سال کے مقابل اس سال اور زیادہ ٹیکس وصول کرنے کا نشانہ طے کیاگیا ہے۔ ساتھ ہی شہر کے بڑے نالوں پر غیر قانونی قبضے ہٹانے کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے۔ اسی لئے جنتادل (ایس) کانگریس کے ساتھ اتحاد برقرار رکھے۔ میئر کے ساتھ میئر کے عہدے کی دعویدار پدماوتی اور ڈپٹی میئر کے عہدے کے دعویدار جے ڈی ایس کارپوریٹر آنند بھی موجود تھے۔


Share: