بنگلورو،31/دسمبر(ایس او نیوز)کچرے کی نکاسی پر نظر رکھنے کے لئے بروہت بنگلورو مہا نگرا پالیکے اب شہر بھر میں اور تمام198؍ وارڈوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرے گی۔بلدیہ کو خاص طور پر کچروں کے سیاہ مقامات جہاں عوام بغیر کسی سوچ اور خیال کے کوڑا کرکٹ پھینک دیتے ہیں ایسے مقامات کی بہت فکر ہے اور ان سے بی بی ایم پی حکام کو بہت زیادہ پریشانیاں لاحق ہیں۔شہر بھر میں تین ہزار سے زیادہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے لئے بلدیہ کو تقریباً بیس کروڑ روپئے تک کا خرچ ہو سکتا ہے، تمام198؍ وارڈوں میں سے ہر ایک کو اپنے یہاں کیمرے نصب کرنے کے لئے دس دس لاکھ روپئے فراہم کئے جائیں گے۔شہر کے مئیر سمپت راج نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’کچھ لوگ راستوں کے کنارے ہی کچرا پھینک دیتے ہیں، جس کی وجہ سے ایک سیاہ مقامات وجود میں آتا ہے، اس بات پر روک لگانے اور غلطی کرنے والے افراد پر جرمانہ عائد کرنے کے لئے بی بی ایم پی کی طرف سے شہر بھر میں ایسے اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں‘‘۔بی بی ایم پی کے جائنٹ کمشنر (سخت کچرے کی نکاسی) سرفراز خان کا کہنا ہے کہ ان سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ شہری انتظامیہ کو جرائم کے معاملات کے حل میں مدد فراہم کی جا سکے۔سرفراز خان نے بتایا کہ ’’ہڈسن سرکل پر موجود بی بی ایم پی کے صدر دفتر سے ہی ان سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی کی جائے گی لیکن اسی کے ساتھ متعلقہ وارڈ کے پولیس تھانہ پر بھی اس کا انتظام کیا جائے گا۔ہر ایک وارڈ میں دس تا بارہ کیمرے لگائے جائیں گے، ہر ایک کیمرے کی تنصیب کے خرچ کا تخمینہ65,000؍ روپئے لگایا گیا ہے‘‘۔ان سیاہ مقامات پر جو لوگ کچرا ڈالتے ہوئے پکڑے جائیں گے ان کے خلاف بی بی ایم پی کے افسران کی طرف سے بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ایک بی بی ایم پی افسر نے بتایا کہ ’’ایسے مجرمین کو پکڑنے کے لئے بی بی ایم پی کی طرف سے صفائی مارشل مقرر کئے جائیں گے، جو کہ پراہاری سواریوں اور بلدیہ کی وجیلنس سواریوں پر سوار ہونگے‘‘۔بروہت بنگلورو مہا نگرا پالیکے (بی بی ایم پی)کے اس اقدام کا استقبال کرتے ہوئے اضافی پولیس کمشنر (ٹریفک) آر ہتیندرا نے کہا کہ ’’ایک سی سی ٹی وی کیمرے کا نصب ہونا بالکل ایسا ہی ہے جیسے کہ شہر کے راستوں پر بہت ساری آنکھیں لگادی گئی ہوں، اس کی وجہ سے شہر کے راستوں پر تحفظ کے معاملہ میں اضافہ ہوگا اور ساتھ ہی نگرانی کا کام بھی آسان ہو جائے گا‘‘۔واضح رہے کہ حال ہی میں کرناٹک اسمبلی نے ’’کرناٹک عوامی تحفظ (اقدامات) کی تنفیذ ‘‘ مسودہ قانون کو منظوری دی تھی، جس کے تحت اس بات کو لازمی قرار دیا گیا ہے کہ ایسے تمام مقامات پر جہاں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوتے ہوں نگرانی کے لئے برقی آلات نصب کئے جائیں۔ ان مقامات میں کاروباری علاقے جیسے دکان، مالس، بس اڈے، ریلوے اسٹیشن، مذہبی مراکز، تعلیمی ادارہ جات اور دوسرے عوامی مقامات شامل ہیں۔