بنگلورو،2؍جنوری(ایس او نیوز) بنگلورو میٹرو پولیٹین ٹرانسپورٹ کارپوریشن (بی ایم ٹی سی) بہت جلد 200؍سی این جی بسیں خریدے گی ، اس کے علاوہ کچھ بسیں کرایہ پر لینے کا بھی منصوبہ ہے۔ اس کے لئے حکومت نے بی ایم ٹی سی کو فنڈ جاری کیا ہے۔ بی ایم ٹی سی نے اس کے ذریعہ 1,500؍بسوں کے ساتھ 200؍ سی این جی بسوں کوخریدکر اور کچھ بسوں کو کرایہ پر لے کر سڑکوں پر دوڑانے کا ارادہ کیا ہے۔ بی ایم ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر وی یوتوراج نے اخباری نمائندوں کو بتایاکہ بسوں کو ضرورت کے مطابق خریدا جائے گا۔ بروہت بنگلور مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی) کی حال ہی میں ہوئی ایک میٹنگ کے دوران اس کے ایک افسر نے بتایاکہ بی ایم ٹی سی کی حد میں بی ایس II، بی ایس III اور بی ایس IV انجنوں کے تقریباً 6,390 بسیں فی الوقت موجود ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ آلودگی کم کرنے کے لئے بی ایس II، والی انجنوں کی پرانی بسوں کو نکال کر مزید بی ایس IV انجنوں کی بسوں کو خریدنے کا منصوبہ تیار کیاجارہاہے۔ شہر کی آلودگی کا 42فیصد حصہ کرناٹک اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ کے مطابق ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں اور پرائیویٹ گاڑیوں کے ذریعہ پیدا ہورہاہے۔ 20؍ دسمبر 2017ء کی ایک اخباری اطلاع کے مطابق بی ایم ٹی سی نے چینئی کے نیشنل گرین ٹرائی بیونلس کی بنچ کو بتایا تھاکہ بنگلورو کے ایندھن مراکز کام نہیں کررہے ہیں۔ جبکہ یہ معاملہ کچھ اور ہے۔