پٹنہ،9اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)بہار میں شراب کے خلاف بیداری پھیلانے کے لئے ریاست بھر میں بہت سے درگا پوجا پنڈالوں میں شراب کے ضمنی اثرات کی عکاسی کی گئی ہے۔پوجاپنڈالو میں شراب تھیم بننے پر وزیر اعلی نتیش کمار ضرور خوش ہوں گے،وہ شراب بندی کے لئے ہمیشہ عوامی بیداری پھیلانے پر زور دیتے رہے ہیں۔پورنیہ کے ایک پوجا پنڈال میں جیسے ہی آپ گھستے ہیں وہاں داخلے کے دروازے پر شراب بندی پر پیغام ملتا ہے جس میں کہا گیا ہے،’’شراب بندی سے ہوگی سماج کی خوشحالی‘‘۔اس پنڈال کے دونوں جانب شراب کے مشہور برانڈ کی بوتلوں کے دو بڑے بڑے کٹ آؤٹ لگے ہوئے ہیں جن پر شراب بندی کے حق میں نعرے لکھے گئے ہیں۔اس میں سے ایک نعرہ اس طرح ہے’’آؤ مل کر حلف اٹھائیں، نشہ مکت ہم سما ج بنائیں‘‘۔تو وہیں دوسری کٹ آؤٹ پر لکھا ہوا ہے’’شراب نہیں یہ زہر ہے، اس کا انتخاب قہر ہے‘‘۔دارالحکومت پٹنہ میں کچھ درگا پوجاپنڈالوں میں شراب استعمال کے خلاف صاف الفاظ میں پیغام لکھے گئے ہیں۔پٹنہ کے مچھوا ٹولی میں ایک پوجا پنڈال میں کئی طرح کے کٹ آؤٹ لگے ہیں جن پر شراب بندی کے پہلے ملکی حالات اور اس کے بعد کی صورت حال کی عکاسی کی گئی ہے۔اس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک آدمی جس کا نام باسودیو لکھا ہوا ہے جو مارچ (2016شراب بندی لاگو ہونے کے پہلے کا وقت)میں شراب پی کر نشے میں دھت ہوکر اپنی بیوی سے جھگڑا کرتے ہوئے دکھائی دیتا ہے تو وہیں اس کی بیوی اسے جھاڑو سے پیٹتے ہوئے شراب چھوڑنے کے لئے کہہ رہی ہے،پاس میں لگے ہوئے کئی سارے کٹ آؤٹس میں شراب بندی نافذ ہونے کے بعد تبدیلیوں میں خوشحال آدمی کو دکھا گیا ہے۔تو وہیں ایک دوسرے کٹ آؤٹ میں ایک ’’ڈاکٹر فلاپ‘‘کو دکھایا گیا ہے جس کے کاروبار میں مکمل طور پر کساد بازاری چھائی ہوئی ہے۔