پٹنہ، 17؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بہارکے سیلاب زدگان کی راحت کے نام پر ملنے والا ایک چیک سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کررہاہے۔ بی جے پی کی مہاراشٹر یونٹ کی جانب سے بہار بی جے پی کو ملے اس چیک کو ہفتہ کو ایک پروگرام میں بہاربی جے پی کے سینئر لیڈروں کوسونپاگیا۔ اس چیک کے ذریعہ بہار کے سیلاب راحتی فنڈ میں رقم جمع کرائی جانی ہے۔اس چیک کو لینے کیلئے مرکزی وزیر گری راج سنگھ اوربہاربی جے پی کے صدر نتیانند رائے خود ممبئی گئے تھے ، لیکن چیک کو قبل کرنے کے دوران دونوں سے بڑی غلطی ہوگئی۔اس کے بعدجوتصویریں سامنے آئیں ، اس نے چیک کو موضوع بحث بنادیا۔ دراصل چیک پر نمبر میں لکھی رقم اور حرف میں لکھی رقم الگ الگ تھی۔غلطی بھی چھوٹی موٹی نہیں بلکہ پورے پانچ لاکھ روپے کی ہے۔ تصیر میں صاف طور پر دکھ رہا ہے کہ چیک پر نمبر میں کچھ اور لکھا جبکہ انگریزی حروف میں کچھ اور۔ اس چیک میں نمبروں میں 12500000 یعنی ایک کروڑ 25 لاکھ روپے لکھا جبکہ انگریزی حروف میں ایک کروڑ 20 لاکھ روپے لکھا ہے۔اس تصویر کو سب سے پہلے ممبئی بی جے پی کے صدر اکشیش شیلار نے ٹویٹ کیا۔ اس کے بعد بہار بی جے پی نے صدر نتیانند رائے اور پھر بہار کے بی جے پی کے فائر برانڈ لیڈر گری راج سنگھ نے بھی ری ٹویٹ کیا ، لیکن بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے چیک میں ہوئی بڑی غلطی کو اجاگر کیا۔تیجسوی یادو نے تصویر کو ٹویٹ کرکے لکھا کہ کیا فراڈ ایونٹ ہے ، ممبئی بی جے پی کے صدر بہار بی جے پی صدر کے ساتھ ایک مرکزی وزیر کو ایک کروڑ 20 لاکھ اور 12500000 روپے کا چیک دے رہیں۔