حادثہ کے بعد سے ہی جمعیۃ علماء (ارشد مدنی)ہر ممکن تعاون کر رہی ہے
ممبئی ۱۱؍ اگست (پریس ریلیز)پاور لوم شہر بھیونڈی میں گذشتہ دنوں عمارت منہدم ہوجانے والے معاملہ میں زخمیوں کے نجی(پرائیویٹ) اسپتال میں علاج کے لئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) نے ساٹھ ہزار روپیہ کا مالی تعاون دینا منظور کیا ہے۔یہ اطلاع آج جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے اخباری نمائندوں کو دی۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں بھیونڈی کے محلہ غیبی نگر علاقہ میں دو منزلہ عمارت منہدم ہو گئی تھی۔ جس میں ایک ہی خاندان کے 5افراد سمیت کل 9 افراد جاں بحق اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے تھے ۔ زخمیوں کا علاج سرکاری اسپتال میں چل رہا تھا لیکن وہ اس سے مطمئن نہیں تھے ،بعد میں انہیں نجی(پرائیویٹ) اسپتال میں داخل کیا گیا۔اور ان کے علاج و معالجہ کے اخراجات و دیگر ضروریات کے لئے ساٹھ ہزار(60,000/-) روپیہ کا چیک زخمیوں کے نام جاری کیا گیا ہے ۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے بتایا کہ بلڈنگ انہدام کی اطلاع موصول ہوتے ہی جمعیۃ علماء بھیونڈی کے ذمہ داران جائے حادثہ پر پہونچ کر راحتی دستہ(میونسپل اہلکار، پولس عملہ،فائر بریگیڈ ،ایمبو لینس اور این ڈی آر ایف )کا تعاون کیا ، اور زخمیوں کو اسپتال پہونچانے میں ان کی مکمل مدد کی۔
تھوڑی دیر بعدجمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ذمہ داران (مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر) و دیگر اور جمعیۃ علماء ممبرا کے ساتھی بھی اسپتال پہونچ کر زخمیوں کی عیادت کی ،اور ان کو دلاسہ دیتے ہوئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔