ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میونسپل نائب صدر کے لئے الطاف کھروری منتخب؛ تحصیلدار نے کیا اعلان

بھٹکل میونسپل نائب صدر کے لئے الطاف کھروری منتخب؛ تحصیلدار نے کیا اعلان

Tue, 20 Aug 2024 13:54:37    S.O. News Service

بھٹکل 20/اگست(ایس او نیوز) قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنطیم   کی حمایت سے میونسپل کونسلر منتخب ہونے والے محی الدین الطاف کھروری، بھٹکل ٹاون میونسپل کونسل کے نائب صدر منتخب ہوگئے، جس کابا ضابطہ اعلان الیکشن آفسر اور بھٹکل تحصیلدار  ناگراج نے کیا۔

یاد رہے کہ ریاستی حکومت کی طرف سے  15 روز قبل ریاست کے مختلف  تعلقہ جات اور قصبوں کی میونسپالٹی اور پنچایت وغیرہ  کے لئے صدر اور نائب صدر کے لئے ریزرویشن کا اعلان کیا گیا تھا جس کے مطابق  بھٹکل میونسپل صدر کا عہدہ  درج فہرست ذات خاتون (یعنی ایس سی ویمن) کے لئے اور نائب صدر کا عہدہ پسماندہ طبقات یعنی   بیک ورڈ کلاس اے(بی سی اے) کے لئے ریزرو کیا گیا تھا۔

آج منگل صبح دس بجے  جیسے ہی  میونسپالٹی میں  صدر و نائب صدر کے لئے انتخابی کاروائی شروع ہوئی، نائب صدر کے عہدہ  کے لئے  میونسپالٹی کے سابق صدر پرویز قاسمجی نے   محی الدین الطاف کھروری کا نام پیش کیا اور کونسلر فاطمہ کوثر چامنڈی نے ان کی تائید کرتے ہوئے   انتخابی پرچے کا ایک سیٹ  تحصیلدار کو پیش کیا۔ اسی طرح  میونسپل کونسلر عبدالعظیم محتشم نے بھی الطاف کھروری کا نام پیش کرتے ہوئے ایک اور کونسلر فیاض مُلّا نے ان کی تائید کی  اور انتخابی پرچے کا دوسرا  سیٹ الیکشن آفسر یعنی تحصیلدار کو پیش کیا گیا۔

 پرچوں کی جانچ کے بعد دونوں پرچے قبول کئے گئے۔  الطاف کھروری  کے  مقابلے میں کوئی بھی دوسرا نام  نائب صدر کے عہدہ کے لئے  پیش نہیں ہوا، اس طرح الطاف کھروری بلا مقابلہ  نائب صدر کے عہدہ پر منتخب ہوگئے اور ضروری کاروائیوں کے بعد  12:45 بجے تحصیلدار ناگراج نے الطاف کھروری کے نائب صدر کے عہدہ پر منتخب ہونے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر  جملہ 17 کونسلرس موجود تھے۔

میونسپالٹی میں  تنظیم کے حمایت یافتہ کونسلروں کی تعداد زیادہ ہے، اس بناء پر گذشتہ کئی سالوں سے  میونسپالٹی میں  تنظیم کے حمایت یافتہ کونسلرس ہی  صدر اور نائب صدر کے عہدوں پر منتخب ہوتے رہے ہیں۔ پتہ چلا ہے کہ  مجلس اصلاح و تنظیم  کی  انتظامیہ  میٹنگ میں ہی ان کا نام نائب صدر کے عہدہ کے لئے طئے ہوگیا تھا، اسی کے مطابق آج کے انتخابات میں ان کے مقابلے میں کوئی دوسرا کونسلر کھڑا نہیں ہوا۔

الطاف کھروری کے نائب صدرمنتخب  ہوتے ہی تمام کونسلروں سمیت ان کے دوست احباب نے انہیں پھول کی مالائیں اور مٹھائیاں  پیش کیں، جبکہ میونسپالٹی عمارت کے باہر ان کے حامیوں نے پٹاخے پھوڑتے ہوئے خوشی کا اظہارکیا۔ اس موقع پر بلاک کانگریس کے جنرل سکریٹری سُریش نائک و دیگر  ارکان بھی موجود تھے۔

الطاف کھروری گذشتہ 24 سالوں سے میونسپالٹی میں بطور کونسلرس خدمات انجام دیتے آرہے ہیں، قوم و ملت کے لئے خدمت کرنے کا بھرپور جذبہ رکھتے ہیں، موصوف دو مرتبہ میونسپالٹی میں اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیرمین رہ چکے  ہیں جبکہ الطاف صاحب صد سالہ قدیم  قومی و ملی سماجی ادارہ مجلس اصلاح وتنطیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری کے کلیدی عہدہ پر رہ کر بھی کام کرنے کا اچھا خاصا تجربہ رکھتے ہیں۔

چونکہ بھٹکل میونسپالٹی میں کوئی بھی  ایس سی(شیڈول کاسٹ) ویمن کونسلر نہیں ہے، اس بنا پر صدر کے عہدہ کے لئے کوئی بھی نامزدگی داخل نہیں ہوئی۔ 

بتاتے چلیں کہ کل بدھ کو جالی پٹن پنچایت  کے لئے بھی صدر اور نائب صدر کے لئے انتخابات ہوں گے۔ پتہ چلا ہے کہ تنظیم کی میٹنگ میں صدر کے عہدہ کے لئےتنطیم کی حمایت سے کونسلر منتخب ہونے والی افشا قاضیا کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ نائب صدر کے عہدہ کے لئے تنظیم کی حمایت سے کونسلر منتخب ہونے والے ایڈوکیٹ عمران لنکا کا  انتخاب ہوا ہے۔ اب کل بدھ کو یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ وہاں بھی تنظیم کے منتخب کردہ کونسلرس ہی صدر اور نائب صدر منتخب ہوتے ہیں یا نہیں۔

واضح رہے کہ ریاستی حکومت کی طرف سے جالی پٹن پنچایت کے لئے صدر کا عہدہ  جنرل ویمن اور نائب صدرکے عہدہ کے لئے بیک ورڈ کلاس اے( بی سی اے)  کو ریزرویشن دیا گیا تھا۔


Share: