ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں دواسکوٹروں کی ٹکر؛ فجر کی نماز کیلئے جا رہے بزرگ کی موت

بھٹکل میں دواسکوٹروں کی ٹکر؛ فجر کی نماز کیلئے جا رہے بزرگ کی موت

Sun, 15 Mar 2026 07:20:23    S O News
بھٹکل میں دواسکوٹروں کی ٹکر؛ فجر کی نماز کیلئے جا رہے بزرگ کی موت

بھٹکل، 15 مارچ (ایس او نیوز): نوائط کالونی نیشنل ہائی وے 66 پر پیش آئے ایک افسوسناک سڑک حادثے میں ایک بزرگ شخص کی موت واقع ہوگئی، جن کی شناخت نثارعلی ڈاٹا (82) کے طور پر کی گئی ہے۔

حادثہ اتوار کی صبح اُس وقت پیش آیا جب نثارعلی صاحب روزے کی حالت میں فجر کی نماز ادا کرنے کے لئے اسکوٹر پر سوار ہوکر عثمانیہ مسجد کی جانب جا رہے تھے۔ اسی دوران جب وہ نیشنل ہائی وے عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے تو ہائی وے سے گزرنے والے ایک دوسرے اسکوٹر نے انہیں ٹکر مار دی۔

ٹکر لگتے ہی نثار علی صاحب اسکوٹر سے اچھل کر سڑک پر جا گرے، جس کے نتیجے میں ان کے سر پر شدید چوٹ آئی۔ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹر نے معائنہ کے بعد بتایا کہ ان کی موت واقع ہوچکی ہے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔

حادثے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگوں اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی، جس سے علاقے میں غم کی فضا چھا گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق نیشنل ہائی وے کے اس حصے میں اسٹریٹ لائٹس کی عدم موجودگی کے باعث اندھیرے میں اکثر حادثات پیش آتے رہتے ہیں، اور مقامی افراد طویل عرصے سے یہاں مناسب روشنی کے انتظام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ حادثہ بھی ممکنہ طور پر اسی وجہ سے پیش آیا۔

مرحوم نثار علی ڈاٹا بھٹکل کے سماجی کارکن ایس ایم امجد (ممبئی شاہ) کے سسر تھے۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔


Share: