بھٹکل، 20 اکتوبر (ایس او نیوز) تعلقہ کے اسپتال روڈ پر ہر اتوار کو لگنے والے سنتے مارکٹ یا ہفتہ وار سنڈے مارکٹ کی وجہ سے پوری سڑک بند ہو جاتی تھی۔ مارکٹ کے باہر سڑک کنارے بیٹھ کر سامان بیچنے والوں کی وجہ سے عوام کا بڑا ہجوم سڑک پر جمع ہو جاتا تھا، جس کے نتیجے میں نیشنل ہائی وے پر بھی ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہوتا تھا۔تاہم، آج اسپتال روڈ پر وہ بھیڑ نظر نہیں آئی اور نیشنل ہائی وے پر ٹریفک نظام بھی معمول کے مطابق رہا۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ بھٹکل میونسپالٹی کی جانب سے پچھلے دو ہفتوں سے یہاں بیوپاریوں کو مارکٹ کے اندر جاکر اپنا کاروبار کرنے کی سختی سے ہدایت دی جا رہی تھی۔ سنیچر کی رات کو میونسپالٹی نے سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے یہ یقینی بنایا کہ کوئی بھی مارکٹ کے باہر سڑک کنارے نہ بیٹھے۔
بھٹکل میونسپل صدر، محی الدین الطاف کھروری نے آج اتوار کو سنتے مارکٹ کا دورہ کیا اور میونسپل حکام کی طرف سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دیکھا کہ بعض مقامات پر لوگ اب بھی مارکٹ کے باہر ناریل اور مچھلیاں بیچ رہے تھے۔ صدر نے اُنہیں مارکٹ کے اندر جاکر کاروبار کرنے کی سخت ہدایت دی اور میونسپل حکام کو حکم دیا کہ اگر کوئی شخص سڑک کنارے بیٹھ کر ہی سامان بیچنے کی ضد کرتا ہے تو اس کا سامان ضبط کرکے میونسپل گاڑی میں ڈال دیا جائے اور سڑک کنارے بیٹھنے والوں کو وہاں سے ہٹا دیا جائے۔
یہی وجہ ہے کہ آج اس سڑک پر پہلے جیسا عوامی ہجوم نظر نہیں آیا اور لوگوں نے مارکٹ کے اندر پہنچ کر اطمینان کے ساتھ اپنی ضرورت کی اشیاء خرید کر آسانی سے باہر جانے میں راحت محسوس کی۔ بیوپار کرنے والوں کو سڑک کنارے سے ہٹانے کی کوشش کے دوران بعض لوگوں نے مزاحمت بھی کی اور مارکٹ کے اندر ضروری سہولیات کے فقدان کا بھی تذکرہ کیا، جس کے تعلق سے میونسپل صدر نے واضح کیا کہ جو بھی ضروری سہولیات درکار ہوں گی، انہیں میونسپالٹی کی طرف سے مہیا کیا جائے گا اور آئندہ کسی کو بھی مارکٹ کے باہر سڑک کنارے بیٹھ کر بیوپار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اس تعلق سے بیوپاری لوگوں کو تعاون فراہم کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ الطاف کھروری نے واضح کیا کہ میونسپل کے اس کام میں پولس نے بھی تعاون فراہم کیا۔
میونسپل حکام کی طرف سے کی گئی کاروائی پر عوام اطمینان کی سانس لے رہے ہیں اور خوشی کا اظہار کررہے ہیں کہ آئندہ انہیں سامان خریدنے اور آنے جانے میں دقتوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔