بھٹکل، 21 اگست (ایس او نیوز): 28 ماہ کے طویل انتظار کے بعد آج بدھ کو منعقدہ جالی پٹن پنچایت کے صدارتی انتخابات میں قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی حمایت یافتہ افشاء قاضیا صدر منتخب ہو گئی ، جبکہ نائب صدر کے عہدے پر تنظیم کے ہی حمایت یافتہ ایڈوکیٹ عمران لنکا کا انتخاب عمل میں آیا۔ دونوں کا انتخاب بلا مقابلہ ہوا۔
آج صبح دس بجے بھٹکل تحصیلدار ناگراج کی صدارت میں انتخابی کارروائی کا عمل شروع ہوا۔ چونکہ ریاستی حکومت کی جانب سے صدر کی سیٹ جنرل ویمن اور نائب صدر کی سیٹ بیک ورڈ کلاس اے (بی سی اے) کے لیے ریزرو تھی، صدر کے عہدے اور نائب صدر کے عہدے (دونوں کے لیے) دو، دو کونسلروں کا پرچہ داخل ہوا۔
صدر کے لیے افشاء قاضیا کا نام عمران لنکا کی طرف سے پیش ہوا، مصباح الحق نے تائید کرتے ہوئے ان کے نام کا پرچہ داخل کیا، جبکہ اسی عہدے کے لیے فاطمہ تنعیم کا نام ارشاد بانو نے پیش کیا اور شہناز بیگم نے تائید کرتے ہوئے ان کا پرچہ داخل کیا۔
نائب صدر کے عہدے کے لیے عمران لنکا کا نام منیر احمد نے پیش کیا اور فاطمہ تنعیم خطیب نے تائید کرتے ہوئے پرچہ داخل کیا، جبکہ عمران لنکا کے لیے دوسرا پرچہ ایشور موگیر کی طرف سے بھی پیش کیا گیا جس کی تائید رمیش موگیر نے کی۔ اسی طرح نائب صدر کے عہدے کے لیے افشاء قاضیا کی طرف سے وسیم احمد منیگار کا بھی نام پیش ہوا جس کی تائید شہناز بیگم نے کی۔ پرچوں کی جانچ کے بعد سبھی پیپرس درست پائے گئے، جس کے بعد 12:15 بجے نام واپس لینے کے لیے آدھے گھنٹے کی مہلت دی گئی۔ اس دوران صدر اور نائب صدر کے عہدے سے فاطمہ تنعیم اور وسیم احمد منیگار نے اپنے اپنے نام واپس لے لیے، جس کے نتیجے میں افشاء قاضیا اور ایڈوکیٹ عمران لنکا بلا مقابلہ صدر اور نائب صدر منتخب ہوگئے۔ الیکشن افسر کے طور پر خدمات انجام دینے والے بھٹکل تحصیلدار ناگراج نے دونوں کے ناموں کا اعلان کیا۔ اس موقع پر 19 کونسلرس موجود تھے۔
صدر اور نائب صدر کے ناموں کا اعلان ہوتے ہی دونوں کے دوست احباب اور کانگریسی کارکنان نے دونوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پھولوں کی مالائیں پیش کیں اور خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر افشاء قاضیا کے والد جناب حذیفہ قاضیا اور افشاء کے شوہر محمد سلیم مصباح سمیت کافی دیگر لوگ بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ نو منتخب صدر افشاء قاضیا اعلیٰ تعلیم یافتہ خاتون ہیں جنہوں نے بی کام کے بعد بی ایڈ اور ایم ایڈ بھی کیا ہے۔ وہ قومی و ملی کاموں میں بے حد متحرک رہتی ہیں اور 28 ماہ سے جالی پٹن پنچایت میں کونسلر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں، جبکہ نائب صدر منتخب ہونے والے ایڈوکیٹ عمران لنکا بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں اور قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے سیاسی پینل کے کنوینر کے طور پر قومی و ملی کاموں میں پیش پیش رہتے ہیں۔ عمران صاحب 2015-16 سے جالی پٹن پنچایت میں بطور کونسلر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ان دونوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بھٹکل بلاک کانگریس صدر وینکٹیش نائک نے نہایت خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت ہے اور کانگریس کی طرف سے جالی پٹن پنچایت میں عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے مکمل تعاون دیا جائے گا۔