بنگلورو16؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) شہر کے بڑے نالوں پر غیر قانونی قبضوں کو ہٹانے کیلئے بی بی ایم پی کی طرف سے جاری انہدامی مہم کے دوران بڑے بلڈروں کو بخش دئے جانے کے الزامات کو جھٹلاتے ہوئے آج بمن ہلی ڈیویژن کے سرجا پور ہوبلی میں آنے والے کوڈلو دیہات کے قریب ارلور تالاب کی زمین پر معروف بلڈر پورونکرا کی طرف سے نالے کی زمین پر قبضہ کرکے کھڑی کی جارہی عمارت کا میئر منجوناتھ ریڈی نے معائنہ کیا اور فوری طور پر اس عمارت کا کام روک دینے اور نالے پر تعمیر عمارت کے احاطہ کو منہدم کرنے کا حکم جاری کیا۔ اس بلڈر پر یہ الزام ہے کہ اپنی عمارت کیلئے من مانے طریقے سے نالے کا نقشہ بدل دیا تھا۔ اسکائی بلیو اپارٹمنٹس نامی عمارت کی خاطربی بی ایم پی افسران سے ملی بھگت کرکے نالے کا رخ اس کے اپارٹمنٹ سے دور کردیا گیاتھا۔ اس کی اطلاع پاکر آج میئر نے اس عمارت کا معائنہ کیا اور فوراً کام روک دینے کی ہدایت جاری کی۔ تعمیراتی کام میں مصروف مزدوروں کو عمارت سے باہر نکالنے اور بلڈروں کے خلاف کارروائی کرنے کی انہوں نے افسران کو ہدایت دی۔ یہ بھی الزام ہے کہ اس بلڈر نے کوڈلو دیہات کے وینکٹ سوامی ریڈی کی زمین پر جبراً قبضہ کرکے اس عمارت کی تعمیر کا سلسلہ شروع کیا ہے، اس سلسلے میں پہلے ہی بی بی ایم پی میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ اس زمین سے بی بی ایم پی کا بڑا نالہ گزرتا ہے، لیکن افسران نے اسے نظر انداز کرتے ہوئے بلڈر کو عمارت کھڑی کرنے کی اجازت دی تھی۔میئر نے اس پر اپنے شدید غصہ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ بحیثیت میئر انہیں ان عمارتوں تک پہنچ کر غیر قانونی قبضہ جات کو روکنا پڑ رہا ہے۔ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے اتنے برسوں سے افسران کیا کررہے تھے؟ ۔ پورونکرا بلڈر نے 33؍ فیٹ چوڑے نالے میں سے 15 فیٹ پر قبضہ کرکے وہاں اپنی عمارت تک پہنچنے کیلئے راستہ بنالیا ہے۔ میئر نے ہدایت جاری کی کہ فوری طور پر 33 فیٹ کے نالے کو بحال کیا جائے اور عمارت کے مالکوں سے کہا جائے کہ اپنی عمارت میں داخلہ کیلئے کہیں اور راستہ بنالیں۔ اس موقع پر بی بی ایم پی انجینئر اور دیگر اعلیٰ عہدیداران میئر کے ہمراہ تھے۔