ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلہ دیش کی جلاوطن سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری

بنگلہ دیش کی جلاوطن سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری

Thu, 17 Oct 2024 20:20:11    S.O. News Service

نئی دہلی 17/اکتوبر (ایس او نیوز) بنگلہ دیشی عدالت نے بنگلہ دیش کی جلاوطن سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا ہے، جنہیں اگست میں ملک گیر طلبہ احتجاج کے بعد اقتدار سے ہٹا دیا گیا تھا، اس بات کی اطلاع معروف انٹر نیشنل خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے جمعرات کو دی۔

رپورٹ کے مطابق  بنگلہ دیش کی بین الاقوامی جرائم ٹریبونل کے چیف پراسیکیوٹر محمد تاج الاسلام نے کہا کہ  ;عدالت نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو گرفتار کرکے 18 نومبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں طلبہ کے ملک گیر احتجاج کے دوران شیخ حسینہ وہاں سے فرار ہو کر ہندوستان پہنچی تھی اس کے بعد سے وہ عوامی سطح پر نہیں دیکھی گئی۔ ان کی آخری سرکاری موجودگی ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی کے قریب ایک فوجی ہوائی اڈے پر بتائی گئی تھی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق حسینہ کے خلاف انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات میں گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حسینہ کے 15 سالہ دورِ حکومت میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی خبریں سامنے آئیں تھیں، جن میں سیاسی مخالفین کی بڑے پیمانے پر گرفتاریاں اور ماورائے عدالت قتل شامل تھے۔

تاج الاسلام نے بتایا کہ شیخ حسینہ ان لوگوں کی قیادت میں تھیں جنہوں نے جولائی سے اگست کے درمیان قتل عام، ہلاکتیں اور انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا تھا۔

پراسیکیوٹر بی۔ایم سلطان محمود کے مطابق ڈھاکہ میں قائم بین الاقوامی جرائم ٹریبونل، جس کی قیادت نوبل انعام یافتہ محمد یونس کر رہے ہیں، اور جو بنگلہ دیش کے عبوری رہنما ہیں، نے استغاثہ کی جانب سے دائر کی گئی دو درخواستوں کے جواب میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے۔

عدالت نے حسینہ کی عوامی لیگ پارٹی کے مفرور سابق جنرل سیکرٹری، عبیدالقادر کے ساتھ ساتھ دیگر 44 افراد کے نام بھی گرفتاری وارنٹ جاری کی ہے۔

حسینہ کے کئی اتحادیوں کو ان کی حکومت کے خاتمے کے بعد حراست میں لے لیا گیا تھا، ان پر الزام تھا کہ انہوں نے پولیس کریک ڈاؤن میں ملوث ہونے کی معاونت کی، جس میں ان کے اقتدار کے خاتمے کے دوران 700 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

سابق کابینہ کے وزراء اور ان کی عوامی لیگ پارٹی کے دیگر سینیئر ارکان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، اور ان کی حکومت کے مقرر کردہ عدلیہ اور مرکزی بینک کے عہدیداروں کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا یے۔

اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ شیخ حسینہ کی گرفتاری کے بعد بنگلہ دیش کی سیاسی صورت حال میں مزید کیا تبدیلیاں آتی ہیں اور عدالت کی کارروائی کس سمت جاتی ہے۔


Share: