بنگلورو۔(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے ریاست میں پسماندہ طبقات ، اقلیتوں اور درج فہرست طبقات کو نجی شعبے کی ملازمتوں میں بھی ریزرویشن پرزور دیا ہے۔ آج شہر میں پسماندہ طبقات کمیشن کے زیر اہتمام پسماندہ طبقات کے مسائل پر ایک سمینار کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ موجودہ تعلیمی روزگار اور ریزرویشن پالیسی کو مکمل طور پر نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جن شعبوںکی نج کاری تیزی سے کی جارہی ہے ان شعبوں میں کمزور طبقات کو نمائندگی یقینی بنانی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ بلدی اور پنچایت اداروں میں جس طرح پسماندہ طبقات اور خواتین کو نمائندگی ملنی چاہئے وہ نہیں مل پارہی ہے۔اس سلسلے میں انہوں نے فوری قدم اٹھانے پرزور دیا۔ اور کہاکہ لوک سبھا اور اسمبلی میں بھی کمزور طبقات کیلئے سیاسی ریزرویشن کا ہونا لازمی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں جب تک ذات پات کا نظام موجود رہے گا اس وقت تک ملک کو ترقی کی جانب لے جایا نہیں جاسکے گا۔ سرکاری شعبوں کے ساتھ نجی شعبوں میں بھی اگر ریزرویشن کی سہولت عام ہوجائے تو کمزور طبقات کو معاشی طور پر مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔