بنگلورو۔18/اگست(ایس او نیوز/عبدالحلیم منصور) شہر میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ایک تقریب کے دوران فوج کے خلاف نعرہ بازی کرنے کی مذمت کیلئے سنگھ پریوار سے وابستہ طلبا تنظیم اے بی وی پی کی طرف سے تمام کالجوں کے طلبا کو سڑکوں پر اتارنے کی دھمکیوں کو دیکھتے ہوئے آج شہر کے بیشتر کالجوں کے باہر پولیس فورس تعینات کردی گئی،تاکہ طلبا کو سڑکوں پر اترنے نہ دیا جائے۔ کشمیر میں تازہ ٹکراؤ کی صورتحال میں انسانی حقوق کی پامالی کے متعلق ایمنسٹی انٹرنیشنل کی طرف سے منعقدہ تقریب کے دوران کچھ نوجوانوں نے فوج پر کشمیری عوام پر مظالم ڈھانے کا الزام لگاتے ہوئے نعرہ بازی شروع کردی۔اے بی وی پی کا کہنا ہے کہ فوج کے خلاف نعرہ بازی کرنے والے ملک کے غدار ہیں، اسی لئے فوراً انہیں گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔حالانکہ پولیس نے اس واقعہ کے سلسلے میں کل ہی ایک ایف آئی آر درج کرتے ہوئے مقدمہ کی کارروائی شروع کردی۔ اس کے باوجود بھی پچھلے دو دنوں سے اے بی وی پی احتجاج میں مصروف ہے۔آج اس نے ریاست گیر پیمانے پر احتجاج کا اعلان کیا اور تمام کالجوں سے طلبا کو یکجا کرنے کی دھمکی دی تھی۔ کالجوں کے طلبا کے سڑکوں پر آنے سے صورتحال میں غیر معمولی بگاڑ کے خدشات خفیہ محکمہ کی طرف سے ظاہر کئے گئے تھے، جسے دیکھتے ہوئے آج شہر کے تمام کالجوں کے اطراف پولیس فورس تعینات کی گئی۔ ملیشورم، راجہ جی نگر،جئے نگر اور دیگر علاقوں میں تمام کالجوں کے پرنسپلس کو محکمہئ پولیس کی طرف سے نوٹس جاری کی گئی کہ یہ یقینی بنایا جائے کہ کالج کے طلبا اس سیاسی احتجاج کا حصہ نہ بننے پائیں۔ ساتھ ہی تمام کالجوں کے اطراف پولیس کا معقول بندوبست کیاگیا اور کالجوں کے اندر اور باہر جانے آنے والے طلبا پر سخت نگرانی کی گئی۔ اے بی وی پی قائدین کو کالجوں تک پہنچنے سے پہلے ہی گرفتار کرلیا گیا۔ اتنی سخت سیکورٹی کو دیکھتے ہوئے طلبا نے کسی احتجاجی مظاہرہ میں شرکت کی ہمت نہیں کی،جس کی وجہ سے اے بی وی پی کا احتجاج ناکام ہوگیا۔ اس دوران اے بی وی پی کے کنوینر ونئے بدرے نے کہاکہ بنگلور میں ملک دشمن سرگرمیوں کے خلاف اے بی وی پی نے آواز اٹھائی ہے، فوج کے خلاف توہین آمیز فقرے کسنے والے افراد پر کارروائی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ اسے روکنے کا اقدام درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اے بی وی پی کا احتجاج پولیس کے خلاف نہیں، بلکہ غداروں کے خلاف ہے۔ حکومت اور پولیس اس احتجاج کو روکنے کی کوشش میں جمہوریت کاقتل کررہی ہے۔ جب تک ملک کے خلاف نعرہ بازی کرنے والے غداروں کو گرفتار نہیں کیا جاتا، اس وقت تک اے بی وی پی اپنا احتجاج جاری رکھے گی۔