بنگلورو،31/دسمبر(ایس او نیوز) شہر میں درجنوں پب ، کلب اور بارس عمارتوں کی بالائی منزل پر قائم ہیں۔ اس طرح کے پب اوربارس زیادہ تر اندرانگر اور کورمنگلا وغیرہ میں ہیں۔ ان کلبوں اور پبوں کو ڈائرکٹر جنرل برائے پولیس (فائر) ایم این ریڈی کی جانب سے ایک نوٹس جاری کی گئی ہے جس میں یہ ہدایات دی گئی ہیں کہ بالائی منزلوں پر قائم پبوں اور باروں کو آتشزنی سے حفاظت کے لئے آتش فرو آلات سے لیس کیاجائے ۔اس اقدام کے لئے ڈائرکٹر جنرل کی طرف سے صرف پندرہ دنوں کا وقت دیا گیاہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ اگر آتشزدگی سے حفاظت کے اقدامات نہیں کئے گئے تو ان کلبوں اور باروں کو بندکردیا جائے گا اور اس سلسلہ میں کسی طرح کی مصالحت کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔ یہ نوٹس اور حفاظتی اقدامات کے لئے ہدایت اس کے پیش نظر ہے کہ گزشتہ دنوں ممبئی میں واقع کرلا میلس کی بالائی منزل پر واقع ایک پب میں آتشزدگی کے واقعہ میں تقریباً 14؍لوگوں کی جانیں تلف ہوگئیں۔ ریڈی نے ہفتہ کو ایک سرکاری حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ شہر میں واقع تمام اعلیٰ معیاری ریستوران، پب، بارس اور دیگر وہ مراکز جس کا استعمال اس طرح کی خدمات کے لئے کیا جاتاہے ان میںآتشزدگی سے حفاظتی اقدامات کا کرناضروری ہے۔ اگر ان مراکز کے مالکان تجارت کرنا چاہتے ہیں تو ان کو حفاظتی اقدامات کرنے ہوں گے۔ آج بروز اتوار پولیس کی ایک ٹیم اندرا نگر، کورمنگلا میں قائم اس طرح کے کئی مراکز کادورہ کیا جہاں نئے سال کی آمد کی وجہ سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ لیکن بہت سارے مقامات ایسے پائے گئے جہاں آتشزدگی کے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کے لئے کسی طرح کا حفاظتی اقدام نہیں کیاگیا ہے۔ سرکاری حکم نامہ میں اس بات کی بھی وضاحت کی گئی ہے کہ مکان مالکان سے اس سلسلہ میں بات چیت ہورہی ہے اور بالائی منزلوں پر قائم پبوں اور باروں کو قائم کرنے کے لئے اس بات پر آمادہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ پبوں کے قیام کے لئے آتشزدگی سے حفاظت کے اقدامات کی شرط رکھی جائے۔ ایک سرکاری افسر نے بتایاکہ ایم جی روڈ پر واقع زیادہ تر اعلیٰ معیاری ریستوران، پب، بارس فائر سیفٹی نورم کا اہتمام کئے ہوئے ہیں۔ لیکن کچھ عوامی مراکز نے اس کا اہتمام نہیں کیاہے۔ ریڈی نے بتایاکہ ممبئی جیسے حادثات کی روک تھام کے لئے ضروری ہے کہ اس طرح کے عوامی مقامات کو ہرطرح کی سکیورٹی کا انتظام کیا جائے، حادثات سے روک تھام کے لئے آلات نصب کئے جائیں۔