ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بلگاوی ضلع میں سیلاب کا انتباہ جار ی، مہاراشٹرا کی جانب سے پانی چھوڑنے پر چوکسی

بلگاوی ضلع میں سیلاب کا انتباہ جار ی، مہاراشٹرا کی جانب سے پانی چھوڑنے پر چوکسی

Thu, 14 Jul 2016 10:13:58  SO Admin   S.O. News Service

بلگاوی 13جولائی (ایس او نیوز ) شدید بارش اور مہاراشٹرا کے ذخائرسے پانی کے بڑے پیمانے پر اخراج کے بعد کرناٹک کے ضلع بیلگاوی میں سیلاب کا انتباہ جاری کردیا گیا ہے ۔ سب ڈیویژنل افسرگیتا کاوجالاگی نے عوام کو محفوظ مقاما ت پر منتقل ہونے کیلئے چوکس کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری مشنری سے خواہش کی ہے کہ وہ چوکس رہے ،تاکہ وقت ضائع کئے بغیر بچاؤ سرگرمیاں انجام دی جاسکیں۔مہاراشٹرا میں شدید بارش کے بعد دریائے کرشنا میں پانی کے بہاو میں اضافہ ہوگیا ہے اور 2058کیوسک پانی ہپارگی ڈیم سے چھوڑا گیا جو اوپر سے بہہ رہی تھی۔ کرشنا ' ویدگنگا اور دودھ گنگا دریاؤں میں بھی پانی کا زائد بہاؤ دیکھا جارہا ہے ۔ کاوجالاگی نے میڈیا کو بتایا کہ کرور علاقہ سے 15کشتیاں بیلگاوی ٹاون آج شام تک پہنچیں گی اور عوام کو بچاکر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے ان کی خدمات لی جائیں گی۔ سیلاب کے پانی میں مشہور ویرابھدریشورا مندر گھرگئی ہے ۔چکوڑی تعلقہ کے بیشتر مواضعات کا رابطہ اصل سڑک سے ٹوٹ گیا ہے اور عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ دریائے گھاٹا پربھا کے قریب پل پار کرنے کے دوران ایک لاری بہہ گئی۔ اس دریا میں پانی کا شدید بہاو دیکھا جارہا ہے ۔ حکام نے دوسرے دن بھی اسکولس اور کالجس کو تعطیل کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور متاثرین کیلئے مراکز قائم کرنے کے اقدامات کئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر جئے رام نے متاثرہ مقامات کا دورہ کیااور کاموں میں تیزی کی ہدایت کی۔ چکوڑی تعلقہ میں سامان اور بچوں کے ساتھ دیہاتیوں کی منتقلی کا منظر عام ہے ۔ باگلکوٹ اور بیلگاوی اضلاع کے نشیبی علاقوں اور دریائے کرشنا کے کناروں کے مواضعات میں رہنے والے عوام کو مہاراشٹرا کی جانب سے اس کے آبگیر علاقوں میں شدید بارش کے بعد دریا کے پانی کو چھوڑنے پر چوکس کردیا گیا ہے ۔باگلکوٹ کے ڈپٹی کمشنر پی اے میگھناوار نے ضلع کے جامکھنڈی اور بیلاگی تعلقہ جات کے عوام کومشورہ دیا کہ وہ دریا کے کنارے سے محفوظ مقامات پر منتقل ہوں ،تاکہ سیلاب سے متاثر نہ ہونے پائیں۔ انہو ں نے کہا ہے کہ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے ستارہ ضلع کے کونیا ڈیم سے 1.7لاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے ۔ مزید پانی کو چھوڑنے پر کسی بھی ناگہانی واقعہ کو روکنے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ بیلگاوی ضلع کے رائے برگ اور چکوڑی میں دریا کے کنارے موجود مواضعات کے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔نشیبی علاقوں میں دریاپر بنائے گئے پل پر زائد پانی دیکھا جارہا ہے ،جس سے اضلاع میں ٹریفک میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے ۔ اگرچہ کہ کرناٹک میں گذشتہ روز ساحلی اور جنوبی دو ردراز کے علاقوں میں شدید بارش ہوئی ہے ۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے شمال دور دراز کے علاقوں میں ہلکی تا اوسط بارش کا امکان ہے جبکہ بنگلورو میں بھی ہلکی بارش ہوگی۔


Share: