ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بغیرمحرم کے حج پرجائیں گے خواتین

بغیرمحرم کے حج پرجائیں گے خواتین

Sun, 31 Dec 2017 23:47:59    S.O. News Service

نئی دہلی،31؍دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) حج کے سفر کے لیے اس بار 370000 درخواستیں آئی ہیں جن میں 1320 درخواستیں ان خواتین کی ہیں جو محرم کے بغیر حج پر جانے کی تیاری میں ہیں۔ہندوستانی حج کمیٹی نے ان تمام خواتین کی درخواست قبول کی ہے۔نئی حج پالیسی کے تحت 45 سال یا اس سے زیادہ عمر کی خواتین کے حج پر جانے کے لئے محرم کی پابندی ہٹا لی گئی ہے۔محرم وہ شخص ہوتا ہے جس سے خاتون کی شادی نہیں ہو سکتی یعنی بیٹا، باپ اور سگے بھائی۔’محرم‘ کی وجہ سے پہلے بہت ساری خواتین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا اور کئی بار تو مالی اور دوسرے تمام انتظامات ہونے کے باوجود صرف اس پابندی کی وجہ سے وہ حج پر نہیں جا پاتی تھیں۔حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر مقصود احمد خان نے بتایاکہ اس بار 370000 افراد نے درخواستیں دی تھیں۔ سب سے زیادہ 67 ہزار درخواستیں کیرلاسے آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بار کل 1320 خواتین نے محرم کے بغیر حج پر جانے کے لئے درخواستیں دی اور ان تمام کی درخواستیں قبول کر لی گئی ہیں۔حج درخواست کی آخری تاریخ 22 دسمبر تھی۔خان نے کہا کیرلا کی زیادہ تر خواتین نے محرم کے بغیر حج کے لئے درخواست دی ہے۔ ریاست کی 1100 سے زائد خواتین نے درخواست دی ہے۔مرکزی حکومت کی جانب سے نئی حج پالیسی لاگو کرنے کے بعد یہ پہلا حج ہوگا۔ حج کے لئے ہندوستان کا کوٹہ ایک لاکھ70 ہزار حجاج کا ہے۔


Share: