ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / برطانوی عوام کی اکثریت برقعے پر پابندی کے حق میں، عوامی جائزہ

برطانوی عوام کی اکثریت برقعے پر پابندی کے حق میں، عوامی جائزہ

Fri, 02 Sep 2016 16:19:11    S.O. News Service

لندن2؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)برطانیہ میں کرائے گئے ایک تازہ عوامی جائزے کے مطابق برطانوی عوام کی اکثریت ملک میں برقعے پر مکمل پابندی چاہتی ہے۔ برُقینی پر پابندی کو بھی عوامی مقبولیت حاصل ہے۔جمعرات کو شائع ہونے والے اس عوامی جائزے میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں جتنے عوام برقعے کا حق میں ہیں، اس سے دگنی تعداد میں اس کے مخالف ہیں، جب کہ عوام کی ایک بڑی تعداد ملک میں مسلم خواتین کے زیراستعمال تیراکی کے مخصوص لباس برقینی پر بھی پابندی کی خواہاں ہے۔یو گوو( (YouGovنامی عوامی جائزے میں 16سو 68برطانوی شہریوں سے رائے طلب کی گئی جس میں سے 57فیصد نے برطانیہ میں برقعے پر پابندی کے لیے قانون سازی، 36فیصد نے پابندی نے مکمل پابندی جب کہ صرف دس فیصد نے ایسی کسی پابندی کے خلاف رائے دی۔یہ عوامی جائزہ ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے، جب کہ بحیرہء روم کے کنارے آباد فرانسیسی شہروں میں بُرقینی پر پابندی عائد کیے جانے اور عدالت کی جانب سے یہ پابندی کالعدم قرار دیے جانے کے تناظر میں ایک بحث جاری ہے۔ فرانس میں پہلے ہی برقعے پر پابندی عائد ہے۔ جنوب مشرقی فرانس میں برقینی پر مقامی انتظامیہ کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندی پر انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے اعلیٰ عدلیہ نے رجوع کیا تھا۔ بعد میں عدالت نے اس پابندی کے خاتمے کا حکم دیا۔اس عوامی جائزے کے مطابق46فیصد برطانوی شہریوں نے برقینی پر بھی پابندی کے حق میں اپنی رائے دی جب کہ برقینی پر ایسی کسی پابندی کے خلاف صرف30فیصد افراد تھے۔ اس کے علاوہ18فیصد برطانوی شہریوں نے اس بارے میں اپنی رائے محفوظ رکھی۔اس عوامی جائزے کے مطابق مسلم خواتین کا اپنے تمام جسم بہ شمول چہرے کو چھپانے کے لیے استعمال کیے جانے والے لباس کی مخالف تمام جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے کی گئی، تاہم قدامت پسند جماعت اور یو کے انڈیپینڈنٹ پارٹی کے حامیوں نے اس بابت سخت ترین موقف کا اظہار کیا۔اس عوامی جائزے کے مطابق برقعے پر پابندی کے معاملے میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی رائے تقریباََایک سی تھی۔ لندن کے رہائشیوں کی51فیصد تعداد جب کہ شمالی برطانیہ کے شہریوں کی63فیصد تعداد برقعے پر پابندی کے حق میں اپنی رائے رکھتی ہے۔اس سے قبل اسی طرز کا ایک عوامی جائزہ جرمنی میں بھی کرایا گیا تھا جس کے مطابق62فیصد جرمن باشندے ملک میں برقعے پرمکمل پابندی چاہتے ہیں جب کہ امریکا میں59فیصد عوام کی رائے تھی کہ اس معاملے کو لوگوں پر چھوڑ دیا جانا چاہیے کہ انہیں کیا پہننا ہے۔


Share: