سون بھدر ، 5؍مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اترپردیش کی عوام سے بی جے پی اور بی ایس پی دونوں سے ہوشیار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے اتوار کو دعوی کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا ہفتہ کو اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی کا روڈ شو فلاپ ہو گیاہے اور اسی وجہ سے انہیں دوبارہ روڈشو کرنا پڑ رہا ہے۔اکھلیش نے سون بھدر میں ایک انتخابی ریلی میں کہاکہ دوبارہ امتحان وہی دیتا ہے جو فیل ہوتا ہے۔(مودی کا)ایک روڈ شو فیل ہو گیاہے ، اس لیے وہ دوسرا کر رہے ہیں، کتنے روڈ شو کریں گے؟ انہوں نے کہا کہ ہم لیپ ٹاپ اور اسمارٹ فون کی بات کرتے ہیں، لیکن بی جے پی والے قبرستان اور شمشان کی باتیں کر رہے ہیں۔وہیں سماج وادی پارٹی کے لیڈر اعظم خان نے وزیر اعظم مودی پر طنز کستے ہوئے کہا ہے کہ وہ وارانسی میں ایسی تشہیر کر رہے ہیں، جیسے کہ وہ’ نکڑ لیڈر‘ہوں اور وہ اصل میں شہر کو ملک کے دارالحکومت میں تبدیل کرنے میں مصروف ہیں۔اعظم خان نے الزام لگایا کہ پوری مرکزی حکومت شہر میں منتقل ہو گئی ہے۔اعظم خان نے سنیچر کی رات کو رام پور میں نامہ نگاروں سے کہاکہ وزیر اعظم نکڑ لیڈر کی طرح وارانسی میں ڈٹے ہوئے ہیں پھر بھی بی جے پی کو وہاں ایک سیٹ بھی نہیں ملے گی۔وہیں اکھلیش نے اتوار کو انتخابی ریلی میں وزیر اعظم مودی پر حملہ جاری رکھتے ہوئے کہاکہ مرزاپور میں وزیر اعظم کہہ گئے کہ ہر چیز میں ریٹ چلتا ہے، شکایت میں ریٹ، کام میں ریٹ، اس میں ریٹ، اس میں ریٹ۔ ہم کہتے ہیں کہ ایک چیز کا ریٹ بتا دیجئے جو آپ کہیں گے، ہم مان لیں گے ، ہم تو ریٹ جاننا چاہتے ہیں لیکن وہ نہیں بتا رہے ہیں۔انہوں نے مودی اور بی جے پی سے ہوشیار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کو کام کی بات کرنی چاہیے ، لیکن وہ ’من کی بات‘کرتے ہیں اور ان کے من کی بات کوئی نہیں سمجھا ہے، ہم نے کہا کہ کام کی بات کیجئے تو پیچھے ہٹ رہے ہیں۔غور طلب ہے کہ مرکز کی این ڈی اے حکومت میں بی جے پی کی اتحادی راشٹریہ لوک سمتا پارٹی کے صدر اور مرکزی وزیر اوپیندر کشواہا نے بھی ہفتہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کے روڈ شو کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اعلی عہدے کے لحاظ سے یہ مناسب نہیں ہے اور انہیں صرف ریلیاں کرنی چاہیے ۔