ممبئی ،31؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی)کے سربراہ شرد پوار نے کہا کہ وہ ہندوستان کے صدر بننا نہیں چاہتے ہیں کیونکہ کوئی بھی شخص صدر بننے کے بعد ریٹائرہو جاتا ہے۔پوار نے کہا کہ وہ عام لوگوں کے درمیان رہنا چاہتے ہیں اور ان کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔وہ سابق صدر پرتیبھا پاٹل کے عوامی زندگی میں 50سال پورے ہونے کے موقع پر ایک پروگرام میں بول رہے تھے۔یہ پروگرام پرتیبھا کومبارک دینے کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی سشیل کمار شندے نے پوار سے پہلے اپنے خطاب میں کہا کہ این سی پی سربراہ مستقبل میں ہندوستان کے صدر ہوں گے۔پوار نے کہاکہ کوئی شخص گورنر یا صدر بننے کے بعد ریٹائر ہو جاتا ہے۔میں اس طرح نہیں ہونا چاہتا ہوں بلکہ میں لوگوں کے درمیان رہ کر ان کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔پرتبھا نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہندوستان کے آئین اور لوگوں کی دعاؤں سے وہ ملک کی پہلی خاتون صدر بن سکیں۔