نئی دہلی ،10؍نومبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )دہلی کی کیجریوال حکومت نے آلودگی کم کرنے کے لئے طاق اور جفت منصوبہ بندی کو نافذکرنے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن اب اس پر نیشنل گرین ٹریبیونل (این جی ٹی )نے دہلی حکومت کی تنقیدہ کرتے ہوئے اس منصوبہ سے ہونے والے فوائد کو ثابت کرنے کو کہا ہے۔این جی ٹی نے کہا ہے کہ اگر فائدہ ثابت نہیں کر پائے تو ہم اس حکم کو منسوخ کر دیں گے۔این جی ٹی نے دہلی حکومت سے پوچھا ہے کہ آخر کس بنیاد پر آپ نے یہ فیصلہ کیا ہے؟دہلی حکومت نے کہا کہ طاق اور جفت منصوبہ کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے نافذ کیا گیا ہے۔اس پر این جی ٹی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے کبھی نہیں کہا کہ حکومت طاق اور جفت نافذکرے۔سپریم کورٹ میں کمیٹی نے بہت سی تجاویز دی تھی، لیکن آپ نے اور کسی پر کچھ نہیں کیا اور بغیر فائدہ دیکھے طاق اور جفت کو نافذکر دیا۔این جی ٹی نے دہلی حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے یہ بھی کہاکہ آپ طاق اور جفت کو کیسے نافذ کر سکتے ہیں، جبکہ آپ نے گزشتہ ایک سال کے دوران کچھ بھی نہیں کیا۔این جی ٹی نے کہاکہ آپ اس کو ایسے نہیں نافذکریں گ جب تک آپ ہمیں یہ نہیں ثابت کرتے کہ اس سے کیا فائدہ ہوگا ؟ کیونکہ پرانی رپورٹ بتاتی ہیں کہ اس سے کچھ فائدہ نہیں ہوا۔