نئی دہلی، 6 /جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)قومی جانچ ایجنسی(این آئی اے)نے گزشتہ سال جولائی میں کشمیر سے گرفتار کئے گئے پاکستانی شہری بہادر علی پر لشکر طیبہ کے لیے کام کرنے اور دہلی سمیت مختلف مقامات پر حملہ کرنے کی سازش رچنے کے الزام میں اس کے خلاف چارج شیٹ دائرکیاہے۔ایجنسی نے آئی پی سی، غیر قانونی سرگرمی روک تھام ایکٹ(یواے پی ایے) دھماکہ خیز مواد قانون، آتش گیر مادہ ایکٹ، اسلحہ قانون، غیر ملکی ایکٹ اور ہندوستانی وائرلیس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت علی کے خلاف ضلع جج امرناتھ کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کیا ہے، وہ اگست سے عدالتی حراست میں ہے۔عدالتی ذرائع کے مطابق،چارج شیٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ کشمیر میں حالیہ بدامنی کو ہودینے والی لشکر طیبہ ہی ہے۔جانچ ایجنسی نے دعوی کیا ہے کہ سرحد پر تعینات پاکستانی فورسز کی مدد سے لشکر نے گزشتہ سال موسم گرما کے دن سے ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں کو اس ہدایت کے ساتھ ہندوستان بھیجا کہ وہ مقامی لوگوں کے ساتھ گھل مل کر بدامنی پیدا کریں اور پولیس اور سیکورٹی فورسز پر حملہ کریں۔