بنگلورو22؍اگست(ایس او نیوز) ہندوستانی فوج کے متعلق توہین آمیز نعرہ بازی کے معاملے کو مزید طول دیتے ہوئے بی جے پی نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے آج اپنی طلبا تنظیم اے بی وی پی کے ذریعہ گورنر واجو بھائی والا سے نمائندگی کی ۔ اے بی وی پی کارکنوں نے آج ایمنسٹی انٹرنیشنل کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے اور اے بی وی پی کارکنوں پر پولیس کو لاٹھی چارج کرنے سے روکنے کی ہدایت دینے کا گورنر سے مطالبہ کیا۔ اس معاملے میں مرکزی حکومت کو فوراً مداخلت کرنے کی بھی گذارش کی۔ اے بی وی پی کے وفد نے گورنر سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اس کے کارکنوں کے خلاف جن پولیس والوں نے لاٹھی چارج کیا ہے ان تمام کو فوراً ملازمت سے برخاست کیا جائے۔اے بی وی پی نے اعلان کیا کہ اس کے کارکنوں پر لاٹھی چارج کرنے والے پولیس والوں کے خلاف وہ قانونی کارروائی بھی کرنے کی تیاری میں مصروف ہے۔اس دوران اے بی وی پی کی طرف سے شہر کے آنند راؤ سرکل میں احتجاجی مظاہرہ بھی جاری رہا اور اس مظاہرہ کے دوران ایمنسٹی انٹرنیشنل کے خلاف کارروائی کا پرزور مطالبہ کیا۔ آج ریاستی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر اور رکن کونسل وی سومنا کے علاوہ دیگر بی جے پی لیڈروں نے بھی احتجاج میں حصہ لیا۔ جگدیش شٹر نے الزام لگایا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل پر کارروائی کی بجائے ریاستی حکومت اسے بچانے کی کوشش میں ہے۔مہادائی احتجاج میں شامل بے قصور کسانوں پر لاٹھیاں برسائی گئیں اور انہیں جیل بھیجا گیا،جبکہ ملک کے خلاف نعرہ بازی کرنے والوں کو یکجا کرنے والی ایمنسٹی کے خلاف کارروائی کرنے میں حکومت پس پیش کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جلد از جلد اگر ایمنسٹی کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو احتجاج میں شدت لائی جائے گی۔ انہوں نے وزیر داخلہ ڈاکٹر پرمیشور کی طرف سے تحقیقات سے قبل ہی ایمنسٹی کو کلین چٹ دئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ان کا یہ بیان قابل مذمت ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ ریاستی حکومت اس ادارہ کی حفاظت میں لگی ہوئی ہے۔ کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ کی طرف سے اس بیان پر کہ نعرہ بازی کرنے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔ مذمت کرتے ہوئے شٹر نے کہاکہ ڈگ وجئے سنگھ ہمیشہ اس طرح کے متنازعہ بیانات دینے کے عادی ہیں۔ اداکارہ رمیہ کی طرف سے پاکستان کی تعریف کئے جانے پر انہوں نے مشورہ دیا کہ رمیہ چاہیں تو پاکستان جاکر بس جائیں۔ اے بی وی پی لیڈر ونئے بدرے نے کہاکہ طلبا کے احتجاج کو حکومت کچلنے کی کوشش کررہی ہے، اسی لئے اے بی وی پی کو ریاستی حکومت سے انصاف کی توقع نہیں ہے۔مرکز سے مداخلت کرنے گورنر سے گذارش کی گئی ہے۔ دہلی میں اے بی وی پی کی مرکزی قیادت وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کرے گی اور خاطیوں پر کارروائی کا مطالبہ کرے گی۔