اڈپی ،24 / اگست (ایس او نیوز) اڈپی سی ای این پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے آن لائن فراڈ کرنے والے 4 ملزمین کو گرفتار کیا ہے اور ان کے پاس سے نقد 13 لاکھ روپے ضبط کیے ہیں ۔
بتایا جاتا ہے کہ کچھ لوگوں نے موتی لال اوسوال پرائیویٹ ویلتھ منیجمنٹ گروپ کے نمائندوں کے روپ میں اڈپی کے رہنے والے اوپیندرا بھٹ سے رابطہ قائم کیا تھا اور ان کے پاس سرمایہ کاری کرنے پر بڑا منافع کمانے کا وعدہ کیا تھا ۔ سرمایہ کاری کی رقم جمع کرنے کے لئے VIP-203-845 اکاونٹ نمبر بھیجا تھا ۔ جس کے بعد اوپیندرا بھٹ نے بڑے منافع کے لالچ میں اس اکاونٹ میں 33 لاکھ روپے جمع کروائے تھے ۔
اپنے ساتھ ہوئی دھوکہ دہی کو محسوس کرتے ہوئے اوپیندرا نے جب اڈپی سی ای این پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تو کیس رجسٹر کرنے کے بعد اس کی تفتیش کے لئے ایک اسپیشل ٹیم تشکیل دی گئی ۔ اس پر کارروائی کرتے ہوئے چار مشتبہ ملزمین کو گرفتار کیا جن کی شناخت پتور کے محمد مصطفیٰ (36 سال)، کمبلےمنجیشور کے خالد (39 سال)، کاسرگوڈ کے محمد صفوان (22 سال) اور بیجائی منگلورو کے ستیش شیٹی (22 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔ پولیس نے ملزمین کے پاس سے 13 لاکھ روپے نقدی کے علاوہ پانچ موبائل فون ضبط کیے ہیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس فراڈ کا اصل ملزم ابھی مفرور ہے اور اس کی گرفتاری کے تلاشی مہم جاری ہے ۔