ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اچھی کارکردگی کے لیے بڑے دل اور کپتان کی حمایت کی ضرورت :دھون

اچھی کارکردگی کے لیے بڑے دل اور کپتان کی حمایت کی ضرورت :دھون

Sat, 23 Jul 2016 10:57:37    S.O. News Service

اینٹیگا، 22؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے دن نصف سنچری لگانے والے سلامی بلے باز شیکھر دھون نے اس کاکریڈٹ بڑے دل اور کپتان وراٹ کوہلی اور کوچ انیل کبلے کی حمایت کو دیا۔دھون نے84رنوں کی اننگ کھیلی اور اب ان کے اوپر سے دباؤ کچھ کم ہواہوگاکیونکہ میچ سے پہلے اس طرح کی قیاس آرائیاں لگائی جارہی تھیں کہ آخری الیون میں ان کی جگہ لوکیش راہل کو موقع مل سکتا ہے جنہوں نے پریکٹس میچ میں مسلسل دو نصف سنچریاں لگائی تھیں ۔دھون نے پہلے دن کے کھیل کے بعد نامہ نگاروں سے کہاکہ اگر ٹیم کا کپتان اور کوچ آپ کی حمایت کر رہا ہے تو مجھے لگتا ہے کہ یہ کسی بھی کھلاڑی کے لیے اہم ہے اور اس سے آپ کے اندرکافی اعتمادپیدا ہوتا ہے۔یہ معنی رکھتا ہے اور آپ کو خودپر بھروسہ ہونا چاہیے کہ آپ یہ کرسکتے ہو اور یہ ہر چیز کا مرکب ہے۔انہوں نے کہاکہ اننگ کا آغاز کرنا سب سے مشکل کام ہوتا ہے اور اس کے لیے آپ کے پاس بڑا دل ہونا چاہیے، جب آپ نئی تازہ وکٹ پر نئی گیند کا سامنا کر رہے ہوتے ہو تو گیندباز پوری توانائی کے ساتھ گیندبازی کرتے ہیں اور ایک سلامی بلے باز کے طور پر آپ کی تکنیک بہترین ہونی چاہیے کیونکہ آپ کو کافی گیند یں چھوڑنی ہوتی ہیں اور آپ کو تحمل کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔
دھون نے کہاکہ مڈل آرڈر کے بلے بازوں کو بھی اس کی ضرورت ہوتی ہے لیکن نئی گیندوں کا اپنا چیلنج ہوتا ہے۔وجے اچھی گیند پر آؤٹ ہوا اور یہ بہت تیز گیند تھی۔اس اعتبارسے میں خوش قسمت رہا کیونکہ گبرئیل کافی اچھی گیندبازی کر رہا تھا۔دھون حالانکہ تھوڑا مایوس ہے کہ لیگ اسپنر دیویندر بشو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہونے کی وجہ سے وہ سنچری مکمل نہیں کر پائے ۔انہوں نے کہاکہ میں مایوس ہوں کہ میں اس وقت آؤٹ ہو گیا جب میں جم چکا تھا اور رن بنا رہا تھا۔میں نے کریز پر کافی وقت گزارلیا تھا اور سنچری مکمل کرنے کے اتنے قریب پہنچ گیا تھا ۔دھون نے کہاکہ ساتھ ہی میں خوش بھی ہوں کہ میں نے اچھی شروعات کی اور آئندہ میچوں میں بھی اچھی کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھنے کی کوشش کروں گا۔میں جس فارم میں ہوں اس کا فائدہ اٹھانا چاہتا ہوں۔دھون نے پہلے سیشن میں ڈٹ کر بلے بازی کی جبکہ گبرئیل مؤثر گیندبازی کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ میں نے محسوس کیا کہ پہلے سیشن میں وکٹ تازہ ہے اور گیند بہت اچھی ہو رہی تھی، اس لیے میں اچھی گیندوں کی عزت کر رہا تھا اور مجھے معلوم تھا کہ میں خطرہ مول نہیں لے سکتا کیونکہ وکٹ پر اضافی اچھال ہے، اس لیے میں نے جسم کے قریب شاٹ کھیلے اور جلدبازی میں نہیں تھا۔


Share: