ٹاؤنسولی،17؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)کپتان منیش پانڈے کی ناٹ آؤٹ سنچری اور دھول کلکرنی کی آل راؤنڈ کارکردگی سے ہندوستان اے نے آج یہاں چہاررکنی ایک روزہ سیریز میں جنوبی افریقہ اے پر تین وکٹ سے جیت درج کی۔پانڈے نے شاندار طریقے سے تبدیلی کی قیادت کی، انہوں نے 105گیندوں میں ناٹ آؤٹ 100رنز بنائے جس میں 9 چوکے اور ایک چھکا لگایا تھا۔انڈیا اے کی ٹیم 187رن پر سات وکٹ گنوا کر مشکل میں تھی تب کلکرنی نے 23رنز کی مفید اننگز کھیلی اورآاٹھویں وکٹ کے لئے 47رن کی ناٹ آؤٹ شراکت نبھائی۔پانڈے نے اسپنر آرون فانگسو کی گیند پر چوکا جڑکر ہندوستان کو جیت دلائی اور اسی رن کے ساتھ اپنی سنچری بھی مکمل کی۔کلکرنی نے گیند سے بھی بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 10اوور میں 37رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔بولنگ میں جے دیو انادکٹ اور ہاردک پنڈیا نے کلکرنی کا اچھا ساتھ نبھایا اور دو دو وکٹ چٹکائے۔آف اسپنر جینت یادو اور لیگ اسپنر یجوندر چاہل کو کوئی وکٹ نہیں ملا لیکن دونوں اکنامی میں کامیاب رہے۔ہندوستانی اننگز کا آغاز فیض فضل(19)اور کرو نائر(17)نے کیا، دونوں نے نو اوور میں 41رنز جٹائے لیکن دونوں نے چار گیند کے اندر وکٹ گنوا دئے اور 10ویں اوور میں ایدلے فیہلکوایو کا شکار بنے۔ہندوستانی ٹیم نے اننگز کے آغاز میں باقاعدہ وقفے پر وکٹ گنوائے۔مندیپ سنگھ چوتھے نمبر پر کپتان کے ساتھ بلے بازی کرنے اترے لیکن صرف 14رنز ہی جوڑ سکے۔ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کیدار جادھو(26)بلے بازی کرنے اترے، انہوں نے پانڈے کے ساتھ 66رن کی شراکت نبھائی لیکن قاسم ایڈمز کو وکٹ گنوا بیٹھے۔
ہاردک پنڈیا نے اچھی شروعات کرتے ہوئے 18رنز بنائے لیکن طویل وقت تک بلے بازی نہیں کر سکے۔چالیس اوور کے بعد ہندوستانی ٹیم نے 187رن پر سات وکٹ گنوا دئے تھے۔پانڈے ایک سرے پر ڈٹے تھے جبکہ دوسرے سرے پر وکٹ گرتے رہے۔کپتان کو کلکرنی کا اچھا ساتھ ملا، جنہوں نے گیند سے بھی اچھا کیا اور ہندوستان کو جیت درج کرنے میں مدد کی۔ہندوستانی ٹیم کو ابتدائی میچ میں آسٹریلیا اے سے آٹھ وکٹ سے کراری شکست ملی تھی لیکن اس نے آج یہاں ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور جنوبی افریقہ کو 50اوور میں آٹھ وکٹ پر 230رنز ہی بنانے دئے۔جنوبی افریقہ کے سلامی بلے بازوں نے ہندوستانی بولنگ اٹیک کے آگے گھٹنے ٹیک دیے اور چار وکٹ گنوا کر صرف 35رنز جٹائے۔