پونے 14/اگست (ایس او نیوز) جمعیۃ العلماء ہند کے قومی جنرل سیکریٹری مولانا سید محمود مدنی نے 13/اگست کو منعقدہ پونے ودھان بھون کے پاس امن مارچ کی قیادت کرتے ہوئے حاضرین سے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم ہر حال میں امن و سکون کو باقی رکھنے اور اس کے لئے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار رہیں گے چاہے اس کے لئے اپنے خون کی قربانی دینی پڑے۔
جمعیۃ علماء ہند کی مجلس عاملہ کے فیصلے کی رو سے ۱۳ ؍ اگست کو پورے ملک میں امن مارچ منعقد کیا گیا جس میں جمعیۃ علماء کے مقامی و ضلعی ذمہ داران نے اپنے اپنے مقام پر مقامی مسلمانوں اور دوسرے مذاہب کے ماننے والے سینکڑوں افراد کے ہمراہ کھڑے ہوکر کے دیش بھر میں شانتی و امن کا پیغام دیتے ہوئے خاموش امن مارچ ریلی نکالی۔ ملک بھر میں ایک ہی وقت میں ساڑھے آٹھ سو سے زائد مقامات پر یہ مارچ قائم کیا گیا۔ پورے ملک میں اس کے لئے انتظامیہ سے منظوری حاصل کی گئی تھی ساتھ ہی دوسرے مذاہب اور سماج کے سرکردہ افراد کے ساتھ ہی دیگر عوام کو بھی شانہ بشانہ شامل کیا گیا اور ملک کے وسیع تر مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے انتہائی سکون و امن کو عام کرنے کا عہد کیا گیا۔


پونے میں امن مارچ راجیہ سبھا ممبر اور جمعیۃ علما ء کے آل انڈیا جنرل سیکریٹری مولانا محمود مدنی کی قیادت میں نکالا گیا ۔یہ امن مارچ امبیڈکر پتلے سے ودھان بھون تک کے لئے تھا۔اس کے آغازمیں امبیڈکر کے مجسمے کو رگوناتھ ڈوگ کے ہاتھ سے پھول کا ہار پہنایا گیا جبکہ ان کے ساتھ دیگر ذمہ دار بھی شریک ہوئے اس کے بعد امن مارچ کا آغاز مولانا شفیق احمد القاسمی آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند کی اجتماعی دعا سے کیا گیا ۔ اس امن مارچ کے مقاصد کو عام کرتے ہوئے کہا گیا کہ باشندگان ہند میں انسانیت نوازی.بھائی چارہ ہر مذہب کا احترام حب الو طنی پیدا ہوکیونکہ ہر مذہب نے اچّھائی اور برا ئی کو بتلایا ہے ہر مذہب کے ماننے والوں کو اپنے مذہب کے احکام کی تعمیل اور ایک دوسرے کے مذہب کااحترام کرنا چاہیے.نیز قانون اور دستور کے مطابق ہر کام کرنا چاہیے.طاقت و مال وغیرہ کو قانون اور دستور کے خلاف نہیں استعمال کرنا چاہیے۔مولانا محمود مدنی نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ ہندوستان میں جب سامراج انگریز آئے اور ملک کے مالک بن گئے توانہوں نے انسانیت سوزی اور آپسی بھائی چارہ کو خراب کرنا شروع کیاتوہندوستان کے لوگوں نے انسانیت بھائی چارہ کو بچانے کے لیے کوشش کی ہر مذہب، برادری.علا قہ . اور زبان کے لوگ اس جدوجہد میں شریک ہوئے تو اس حکومت اور ظالم و جابر حاکموں کو بھی گھٹنے ٹیکنے پڑے۔
مولانا مدنی سے قبل ودھان بھون پر مارچ کے اختتام پر مفتی محمد شاہد( صد ر جمعیۃ علماء ہند شہر پونہ)مولانا عبدالرشید ڈونڈ(صدر جمعیۃ علماء ہند ضلع پونہ) رگو ناتھ ڈوگ، زاہد بھائی شیخ، نوید پپو، مولانا عبدالرشیدندوی،حاجی اسلم باغبان،اکبر ہاشمی،حافظ محمد مبشر،ایڈوکیٹ غفورپٹھان،مولانا شفیق احمد قاسمی مالیگاؤں وغیرہ نے خطاب کیا جبکہ ذمہ داران سمیت ہزاروں افراداپنے ہاتھوں میں امن و شانتی کے نعروں کے پلے کارڈ ز لئے ہوئے شریک تھے۔مولانا مدنی کی دعا پر امن مارچ ختم ہوا پھر مقامی و ضلعی جمعیۃ اور دوسرے ذمہ داران کے ایک وفد نے ایڈیشنل کلکٹر سے ملاقات کر ایک یادداشت دیتے ہوئے اپنے مارچ کے مقاصد اور نعروں سے پیغامات کو گوش گزار کیا۔