بنگلورو 8؍ستمبر (ایس او نیوز) ملک و بیرون ممالک کی معروف اسلامی شخصیت اور ریاست کرناٹکا کے مشہور عالم دین و امیر شریعت حضرت مولانا محمد اشرف علی باقوی کا آج علی الصباح انتقال ہوگیاانا للہ وانا الیہ راجعون۔ان کی عمر لگ بھگ 80 سال تھی۔
حضرت مولانا اشرف علی صاحب کرناٹکا کی معروف اسلامی درس گاہ دارالعلوم سبیل الرشاد کے پرنسپال تھے۔آپ کے والد محترم حضرت مولانا ابو سعودؒ کے انتقال کے بعد ہی آپ نے اس دارالعلوم کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور اپنی گوناگوں خصوصیات اور بے لوث خدمت سے دارالعلوم کو مزید عروج اور ترقی دلائی تھی ۔ آپ صرف دینی محاذ پر ہی نہیں سماجی مسائل میں بھی قوم و ملت کی رہنمائی اور خدمت کے لئے ہمیشہ سرگرم رہتے تھے۔ مرحوم نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی مجلس عاملہ کے رکن، آل انڈیا ملی کاونسل کے نائب صدراور اسلامی فقہ اکیڈیمی کی مجلس عاملہ کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں۔
موصولہ اطلاع کے مطابق کل 9ستمبر بروز سنیچر کو صبح 10بجے دارالعلوم سبیل الرشاد میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور اسی احاطے میں تدفین عمل میں آئے گی۔مولانا مرحوم کے پسماندگان میں ۴ فرزاندان، ۲ دختران اور بے شمار عقیدتمند شامل ہیں۔اللہ ر ب العالمین ان کی بال بال مغفرت فرمائے اور جنت میں بلند اور اعلیٰ درجات سے سرفراز فرمائے۔ آمین