بنگلور 8؍ستمبر ( پریس ریلیز؍ایس او نیوز) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے ریاستی صدر عبدالحنان نے اپنے جاری کردہ اخباری اعلامیہ میں کہا ہے کہ حضرت مولانا مفتی اشرف علی ؒ باقوی امیر شریعت کرناٹک کی وفات سے ملک وملت کو عظیم خسارہ ہوا ہے۔ امن کا پیغام اور سماجی کی ترقی کے علاوہ دین کی دعوت و تبلیغ میں حضرت والا نے جو قربانیاں پیش کی ہیں وہ خلاء شاید ہی کوئی پر سکے گا۔
حضرت والا بصیرت اور حکمت کے علمبردار کی حیثیت سے ملک کی سرپرستی کی عظیم ذمہ داری سنبھالے ہوئے تھے۔ تمام تنظیموں ، جماعتوں کے علاوہ با لخصوص پاپو لرفرنٹ آف انڈیا، آل انڈیا امامس کونسل اور سوشیل ڈیموکریٹک پار ٹی آف انڈیا کے ذمہ داروں اور کارکنوں سے ہمیشہ بہت محبت سے پیش آتے تھے۔ وقتافوقتا نصیحت آمیز مشوروں سے نوازتے تھے اور ہمارے کارکنان بھی آپکی شفیق نصیحتوں کو عملی جامہ پہنا تے تھے۔ ملت کی تمام سماجی وسیاسی شخصیتوں سے مسلسل رابطہ میں رہتے تھے جو ایک قیادت کی شکل اختیار کرچکی تھی۔ سماج اور ملت کا یہ نقصان اس وقت ہوا ہے جب ملک اور بیرون ملک میں انسانی قتل و غارت گری اور جمہوریت پر بات کرنے اور لکھنے والوں کاسازش کے تحت قتل کیا جارہا ہے۔حضرت والا کے انتقال سے ملت کے نوجوانوں اور علماء کرام کی ذمہ داری میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اللہ تعالی حضرت کی مغفرت فرمائے اور امت مسلمہ کو صبر جمیل عطا فرمائے اور بالخصوص لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ حضرت والا کے انتقال کے غم میں سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے عہدیداران اور کارکنان بھی شریک ہیں۔ اللہ تعالی سے یہ بھی دعا ہے کہ وہ اپنے فضل سے امت کو حضرت والا کا نعم العمل نصیب فرمائے۔ آمین۔