واشنگٹن 12/نومبر (ایس او نیوز/ایجنسی): امریکا کے ایک اسکول میں اسلام دشمن انتہا پسند استاد نے مسلمان طالبہ کا حجاب نوچ ڈالا۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی کاؤنٹی نیش ویلی کے صدر مقام ٹینی سیز کے ایک اسکول نیووژن اکیڈمی میں ٹیچر نے بھری کلاس میں مسلمان لڑکی کے سرسے حجاب اپنے ہاتھوں سے کھینچ کر زبردستی اتار دیا۔
کلاس میں موجود دیگر طلبہ نے واقعہ کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی جو وائرل ہوگئی جس پر ٹیچر کو شدید تنقید کانشانہ بنایا گیا جب کہ سوشل میڈیا پر سخت ردعمل سامنے آنے پر پرنسپل نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ ٹیچر کو معطل کردیا ۔
بتایا گیا ہے کہ معطلی سے قبل ٹیچر نے لڑکی کا حجاب نوچنے کے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واقعہ سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔ تاہم سوشل میڈیاپر اپ لوڈ کی گئی ویڈیو نے سچائی کھول کررکھ دی اور ویڈیو کو بطور ثبوت استعمال کرتے ہوئے ٹیچر کو معطل کردیا گیا۔